ریاست نگر میں آبرسانی کے مسائل کو حل کرنے کا مطالبہ

ٹی آر ایس قائدین کے وفد کی مئیر بی رام موہن سے نمائندگی
حیدرآباد۔31مارچ(سیاست نیوز) پرانے شہر کی گنجان آبادی والے بلدی حلقہ ریاست نگر میںموسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی درپیش آبرسانی مسائل کے متعلق ریاست نگر ڈویثرن کے ٹی آر ایس قائدین کے ایک وفد نے مئیر گریٹر حیدرآباد بنتو رام موہن او رڈپٹی مئیرمحمد بابا فصیح الدین سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں ایک یادواشت پیش کی ۔صدر ٹی آر ایس ریاست نگر ڈویثرن محمد یوسف کی قیادت میں وفد نے میئر اور ڈپٹی مئیر کو ریاست نگر کے آبرسانی کے علاوہ بلدی او ربرقی مسائل کی تفصیلا ت سے بھی واقف کروایا۔ وفد نے بلدی برقی اورمحکمہ آبرسانی عہدیداروں کی جاری من مانی اور عوامی مسائل کو مسلسل نظر انداز کئے جانے کے متعلق بھی شکایت کی ۔محمد یوسف نے کہاکہ مخصوص سیاسی قائدین کی ایماء پر محکمہ آبرسانی کے عہدیدار ٹی آر ایس پارٹی کے حق میںووٹ کا استعمال کرنے والوں کے مکانات کو ریاست نگر میںنشانہ بنارہے ہیں۔انہوں نے پرانے شہر میںکام کرنے والی سرکاری مشنری کے بیجا استعمال کے ذریعہ پرانے شہر میںٹی آر ایس کی بڑھتی مقبولیت کودبانے کا بھی پرانے شہر کے سیاسی قائدین پر الزام عائد کیا ہے۔