ریاست میں بلدیات و میونسپل انتخابات

آج 6بلدی حلقوں میں مکرر رائے دہی

حیدرآباد۔31مارچ ( سیاست نیوز) ریاست کی 146 بلدیات اور 10میونسپل کارپویشنس کیلئے رائے دہی مجموعی پُرامن رہی ‘ تاہم 6مراکز رائے دہی میں پیش آئے بعض واقعات کے باعث الیکشن کمیشن نے یکم اپریل کو دوبارہ رائے دہی کا فیصلہ کیا ۔ رائے دہی کے اوقات صبح 7بجے تا شام 5 بجے تک ہونگے ۔ مسٹر رماکانت ریڈی کمشنر الیکشن کمیشن نے کہا کہ میونسپل کونسل سوریہ پیٹ ضلع نلگنڈہ کے دو مراکز رائے دہی ‘ نندی گاما نگر پنچایت ضلع کرشنا کے دو مراکز دہی ‘ مدن پلی میونسپل کونسل (چتور) کے ایک مرکز رائے دہی اور تاڈی پتری ( اننت پور) کے ایک مرکز رائے دہی پر دوبارہ رائے دہی کروائی جائیگی ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کے ان بلدیات کیلئے گذشتہ دن منعقدہ انتخابات کیلئے جملہ رائے دہی کا اوسط 73.16 فیصد رہی ۔ انہوں نے بتایا کہ اضلاع چتور میں 72.53 فیصد ‘اننت پور میں 71.49 فیصد ‘ کرنول میں 66.98 فیصد ‘کڑپہ میں 68.93 فیصد ‘ ورنگل میں 77.79فیصد ‘ کریم نگر 75.29فیصد ‘ کھمم میں 75.65 فیصد ‘ عادل آباد میں 66.41 فیصد ‘ رنگا ریڈی میں 73.97فیصد ‘ نلگنڈہ میں 75.43فیصد ‘ میدک میں 77.09 فیصد ‘ محبوب نگر میں 75.05 اور نظام آباد میں 60.65 فیصد رائے ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ سال 2005ء میں منعقدہ بلدی انتخابات میں رائے دہی کا اوسط 69.12فیصد اور سال 2000ء میں رائے دہی کا اوسط 63.41 فیصد رہا ۔ انہوں نے بتایا کہ دس میونسپل کارپوریشنس کے 513 ڈیویژنس میں رائے دہندوں کی جملہ تعداد 27,48,442 لاکھ تھی۔