ریاست تلنگانہ کو ملازمین کے الاٹمنٹ کیلئے چھ رکنی کمیٹی

کملا ناتھن صدر نشین مقرر ۔ ریاستی سطح کے ملازمین کی تقسیم اور زمروں کا تعین کیا جائیگا

نئی دہلی 31 مارچ ( پی ٹی آئی ) مرکزی حکومت نے آندھرا پردیش کے ملازمین کو نو تشکیل شدہ تلنگانہ ریاست کو الاٹ کرنے کے تعلق سے کوئی فیصلہ کرنے کیلئے ایک چھ رکنی کمیٹی سابق آئی اے ایس عہدیدار مسٹر سی آر کملاناتھن کی صدارت میں قائم کی
ہے ۔ یہ کمیٹی آندھرا پردیش کے ریاستی سطح کے مختلف کیڈر کے ملازمین کی خدمات کو دونوں ریاستوں آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں تقسیم کرنے یا الاٹمنٹ کے تعلق سے ایک با معنی اور شفاف انداز اور معیار اختیار کرینگی ۔ وزارت پرسونل کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ علاوہ ازیں یہ کمیٹی کیڈر کی تعداد اور انہیں ریاستی حکومت کے تحت مختلف محکموں میں مزید مختلف زمروں میں تقسیم کرنے کے تعلق سے کوئی فیصلہ کریگی ۔ یہ کمیٹی راست تقررات اور ترقی کے کوٹہ ‘ غیر محفوظ و او بی سی ‘ درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کے زمروں کا بھی دونوں ریاستوں کے تعلق سے تعین عمل میں لائیں گی ۔ تاہم اس سلسلہ میں مشاورتی کمیٹی کی سفارش کو اسی وقت قطعیت دی جائیگی جب وہ مجوزہ کیڈر کی تعداد کو ریاستی حکومت کی ویب سائیٹ پر ایک واجبی مدت تک کیلئے پیش کرے تا کہ اس سے تعلق رکھنے والے گوشوں کی جانب سے کچھ تبصرے یا نمائندگیاں اگر ہوں تو کی جاسکیں۔

علاوہ ازیں جیسے ہی کیڈر کی تعداد کو اس بنیاد پر طئے کرلیا جائیگا غیر منقسم ریاست میں مختلف خدمات میں ملازمت کی قلت اور ان کی موجودہ تعداد کو بھی دونوں ہی ریاستوں میں تقسیم کیا جائیگا تاکہ کسی بھی ایک ریاست کو مشکل صورتحال کا سامنا کرنا نہ پڑے ۔ وزارت پرسونل کی جانب سے جاری کردہ شرائط و قواعد میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ یہ پیانل ریاستی سطح کے ملازمین کی تقسیم کیلئے مخصوص انفرادی الاٹمنٹ کی بھی سفارش کریگا اور اس طرح کے عمل سے متاثر ہونے والے کسی بھی ملازم کی نمائندگی کا بھی جائزہ لے گا تاکہ سب کے ساتھ واجبی اور مساوی سلوک ہوسکے ۔ یہ کمیٹی آندھرا پردیش کے موجودہ چیف سکریٹری ‘ ایک اڈیشنل سکریٹری یا جوائنٹ سکریٹری سطح کے عہدیدار یا ان کے نامزد کردہ کسی عہدیدار پر مشتمل ہوگی جو اس کے ارکان ہونگے ۔ آندھرا پردیش کیڈر کیدو آئی اے ایس عہدیدار وی ناگی ریڈی اور پی وی رمیش بھی کمیٹی کے ارکان ہونگے ۔ کہا گیا ہے کہ ایک ایسا عہدیدار جو آندھرا پردیش میں تنظیم جدید سیل میں کام کر رہا ہو اور جس کا عہدہ سکریٹری سے کم کا نہ ہو وہ اس مشاورتی کمیٹی کا رکن سکریٹری ہوگا ۔ کمیٹی کے صدر نشین کملاناتھن کو 12 ماہ کیلئے تقرر کیا گیا ہے ۔ ملک کی 29 ویں ریاست تلنگانہ 2 جون کو وجود میں آجائیگی ۔