ریاست تلنگانہ میں سوشل میڈیا سیل کا قیام

تعلقات عامہ اہم ذریعہ، پیانل مباحثہ سے کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد 29 جون (آئی این این) ریاست تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تارک راما راؤ نے کہاکہ حکومت تلنگانہ سوشیل میڈیا کے تئیں سرگرم عمل ہے۔ کل رات پبلک ریلیشنس کونسل آف انڈیا (PRCI) حیدرآباد چیاپٹر کے زیراہتمام منعقدہ پیانل مباحثہ بعنوان ’’آج کی دنیا میں سوشل میڈیا‘‘ میں حصہ لیتے ہوئے کے ٹی آر نے بتایا کہ حکومت نے ایک سوشل میڈیا سیل کا وجود عمل میں لایا ہے۔ ہماری وزارت میں اب فیس بُک اور ٹوئٹر اکاؤنٹس ہیں۔ ہماری حکومت کے پاس ڈیجیٹل پلیٹ فارم بھی ہوگا تاکہ عوام تک پہنچا جاسکے۔ وزیر موصوف نے تعلقات عامہ کو بہت ہی اہم ٹول قرار دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ ہر ایک کو خود کو اُبھارنے کی ضرورت ہے۔ ہماری حکومت پی آر کو استعمال کرتے ہوئے شروع کی گئی مختلف سرگرمیوں کو فروغ دینے سے دوری اختیار نہیں کرے گی۔ کے ٹی آر نے کہاکہ یہ نہیں کہ حقیقت میں آپ کیا کرتے ہیں بلکہ فی الوقت آپ کیا ہیں یہ زیادہ اہم ہوتا ہے۔ سیاست داں کی حیثیت سے ہمارا سامنا میڈیا کی دو مختلف اشکال سے ہوتا ہے۔ اب ہمارے پاس تیسرا چیالنج سوشیل میڈیا ہے۔ ہم سیاست دانوں کے لئے میڈیا کی ان تمام تینوں صورتوں سے نمٹنا واقعی ایک چیلنج ہے۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ ٹیکنالوجی کے بارے میں یہ سمجھا جاتا ہے کہ اس سے ہماری زندگی آسان ہوتی ہے لیکن مزید پیچیدگی پیدا ہورہی ہے۔