ریاست بھر میں نصف شب سے جشن تاسیس تلنگانہ ‘ شہر میں تہوار کا منظر

حیدرآباد ۔ یکم ؍ جون ۔ (سیاست نیوز) ریاست بھر یوم تاسیس تلنگانہ کی نصف شب سے ہی زبردست جشن کی صورتحال پیدا ہوگئی اور مختلف مقامات پر تلنگانہ کے گیتوں کے علاوہ ڈی جے ، سامع نوازی اور قوالی کے پروگرام منعقد کرتے ہوئے یوم تاسیس تلنگانہ کا جشن منایا گیا ۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے مختلف مقامات بالخصوص ٹینک بینڈ ، یادگار شہیداں (گن پارک) کے علاوہ تاریخی چارمینار کے دامن میں زبردست جشن تلنگانہ منعقد ہوا ۔ ٹینک بینڈ پر تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے علاوہ تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کی جانب سے زبردست جشن کا اہتمام کیا گیا جہاں پر ٹھیک 12 بجے شب سے آتش بازی کا آغاز ہوا جو رات دیر گئے تک جاری رہی ۔ قبل ازیں ڈی جے اور تلنگانہ کے نغموں پر تلنگانہ حامیوں کو رقص کرتا دیکھا گیا ۔ چارمینار کے دامن میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی جانب سے ڈی جے کا پروگرام منعقد کیا گیا جبکہ کانگریس نے بھی چارمینار کے دامن میں پروگرام کا انعقاد عمل میں لاتے ہوئے جشن منایا ۔ کانگریس قائدین مسٹر وی ہنمنت راؤ ، جناب ایم اے خان ڈپٹی میئر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ، مسٹر راجکمار کے علاوہ دیگر اس موقع پر موجود تھے ۔ تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی اولڈ سٹی کی جانب سے چارمینار تا گن پارک ریالی منعقد کی گئی ۔ تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کے ڈی جے پروگرام میں تلنگانہ کے نغموں پر نوجوانوں کو رقص کرتا دیکھا گیا ۔

اس موقع پر ٹی آر ایس قائدین مسٹر عنایت علی باقری کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔ اعظم پورہ چمن کے قریب جناب محمود علی کے مکان پر یوم تاسیس تلنگانہ کا زبردست جشن منایا گیا ۔ اسی طرح چارمینار کے دامن میں مہر آرگنائزیشن کی جانب سے قوالی کا پروگرام منعقد کیا گیا اور ٹھیک 12 بجے کبوتر اڑاتے ہوئے امن و امان کی برقراری اور ریاست تلنگانہ کی ترقی کیلئے خصوصی دعائیں کی گیئں ۔ تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹ کی جانب سے پریس کلب بشیر باغ پر تلنگانہ یوم تاسیس کا جشن منایا گیا جہاں جرنلسٹ یونین قائدین مسٹر ڈی امر ، مسٹر نریندر ریڈی ، مسٹر کوٹی ریڈی ، جناب سید خلیل محی الدین قادری سابق صدر حیدرآباد یونین آف ورکنگ جرنلسٹ ، محمد مبشر الدین خرم نائب صدر حیدرآباد یونین آف ورکنگ جرنلسٹ ، جناب وراحت علی جنرل سکریٹری تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹ کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔ ٹھیک 12 بجے جرنلسٹ یونین کی جانب سے کیک کاٹتے ہوئے جشن تلنگانہ منایا گیا ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے دفتر کے علاوہ کانگریس کے دفتر گاندھی بھون میں بھی یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب منعقد کرتے ہوئے مٹھائیاں تقسیم کی گیئں ۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے تاریخی عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا ۔ چارمینار ، مکہ مسجد ، ہائیکورٹ ، سالارجنگ میوزیم کے علاوہ دیگر مقامات پر اضافی روشنیاں کی گیئں تھیں ۔ گن پارک پر جہاں تلنگانہ یوم تاسیس کے جشن کا سب سے بڑا اجتماع دیکھا گیا پروفیسر کوڈنڈا رام ریڈی ، جناب حامد محمد خان کے علاوہ دیگر تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی قائدین نے تلنگانہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے یوم تاسیس تلنگانہ منایا ۔ ملک کی 29 ویں ریاست کے قیام پر ریاست تلنگانہ کے تمام 10 اضلاع میں عوام نے زبردست جوش و خروش کے ساتھ یوم تاسیس تقاریب میں حصہ لیا ۔

کانگریس قائدین شہر کے مختلف مقامات پر سونیا گاندھی سے تشکیل تلنگانہ کی راہ ہموار کرنے پر اظہار تشکر کے بیانرس نصب کئے گئے تھے جبکہ تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کی جانب سے صدر ٹی آر ایس مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے کٹ آؤٹس بھی نصب کئے گئے تھے ۔ دونوں شہروں میں تقریباً ہر چوراہے کو گلابی پرچموں سے سجایا گیا تھا ۔ پرانے شہر میں یوم تاسیس تلنگانہ کے موقعہ پر منعقدہ تقاریب میں بھی عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ بشیر باغ چوراہا ، حمایت نگر ، جامعہ عثمانیہ ، عنبرپیٹ ، کاچی گوڑہ ، چادر گھاٹ ، جوبلی ہلز ، عابڈس چوراہا کے علاوہ دیگر مقامات پر بھی یوم تاسیس تلنگانہ کے جشن کے سلسلے میں رقص و سرور کی محفلیں منعقد کی گیئں ۔ نامپلی اور سکندرآباد اسٹیشن پر رات 12 بجے کے بعد پہونچنے والے مسافرین کا تلنگانہ حامیوں نے سرزمین تلنگانہ پر خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں مٹھائیاں پیش کیں ۔ جامعہ عثمانیہ میں طلبہ تنظیموں کی جانب سے بڑے پیمانے پر جشن کا اہتمام کیا گیا اور آرٹس کالج کی عمارت کو خوبصورت انداز میں برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا ۔