ریاست بھر میں بلدیات کے انتخابات کیلئے 75 فیصد رائے دہی ،شدید دھوپ کے باوجود رائے دہندوں میں جوش و خروش

حیدرآباد 30 مارچ ( سیاست نیوز) ریاست آندھرا پردیش کے 10 میونسپل کارپوریشن اور 146 بلدیات کیلئے آج منعقدہ رائے دہی کا اختتام عمل میں آیا جو کہ ما سواء چند معمولی واقعات کے بحیثیت مجموعی رائے دہی پرامن رہی۔ آج یہاں مسٹر بی رما کانت ریڈی کمشنر ریاستی الیکشن کمیشن نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ریاست بھر میں ہوئی رائے دہی کا اوسط زائداز 75 فیصد رہا ۔ سب سے زائد رائے دہی کا اوسط ضلع پرکاشم میں 82.45 فیصد رہا۔ ان عہدیداروں نے بتایا کہ آج منعقدہ بلدی انتخابی رائے دہی کے موقع پر عوام میں کافی جوش و خروش پایا گیا اور اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کرنے کیلئے عوام کافی جوش کے ساتھ مراکز رائے دہی پر طویل قطاروں میں ٹہر کر اپنا ووٹ ڈالنے کو ترجیح دے رہے تھے ۔چلنے پھرنے کے قابل نہ رہنے والے ضعیف العمر اشخاص نے اپنے مددگاروں کے ساتھ پہنچ کر اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا رائے دہی کا وقت پانچ بجے ختم ہوجانے کے باوجود مراکز رائے دہی میں طویل قطاروں میں رائے دہندے اپنے ووٹ کا استعمال کرنے کیلئے ٹہرے رہے ۔ جس کے پیش نظر ان تمام رائے دہندوں کو حق رائے دہی سے استفادہ کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ۔ مسٹررما کانت ریڈی نے بتایا کہ ریاست بھر میں صرف 7 مقامات پر مراکز رائے دہی پر دوبارہ رائے دہی منعقد کی جارہی ہے اور صرف 7 مقامات پر ہی دوبارہ رائے دہی کروانا ایک انتہائی معمولی واقعہ ہے اور یہ دوبارہ رائے دہی بروز منگل یعنی یکم اپریل کو کروائی جائے گی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ علاقہ تلنگانہ کے اضلاع نلگنڈہ میں 76 فیصد، نظام آباد میں66.41 فیصد، محبوب نگر میں 75.5 فیصد میدک میونسپل کونسل میں 76 فیصد ضلع کھمم میں 77.46 فیصد، ضلع رنگا ریڈی میں 76.40 ، ضلع اننت پور میں 77 فیصد ،سریکا کلم 77.14 فیصد گنٹور 78.94 فیصد ،پرکاشم 82.45فیصد ،چتور 76.38 فیصد چتور 76فیصد ضلع کڑپہ 74.21 فیصد، وشاکھاپٹنم 79 فیصد اور ضلع کرشنا میں 78.6 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی ۔