ریاستی ملازمین کے مہنگائی بھتہ پر نظر ثانی

حیدرآباد ۔ یکم جون ( این ایس ایس ) ریاستی حکومت نے اپنے ملازمین کے مہنگائی بھتہ میں اضافہ کیا ہے ۔ مہنگائی بھتہ گذشتہ سال یکم جولائی سے 27.248 فیصد سے بڑھا کر 30.392 فیصد کردیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ضلع پریشد ‘ منڈل پریشد ‘ گرام پنچایت ‘ میونسپلٹیز ‘ میونسپل کارپوریشنس ‘ اگریکلچر مارکٹ کمیٹیوں اور ضلع گرندھالیہ سمستھا جیسے اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کو بھی اسی تناسب سے مہنگائی بھتہ ادا کیا جائیگا ۔ امدادی تعلیمی اداروں کے تدریسی اور غیر تدریسی عملہ بشمول امدادی پالی ٹکٹنکس کے عملہ کے علاوہ جامعات کے بھی تدریسی و غیر تدریسی عملہ کو بھی یہی مہنگائی بھتہ ادا کیا جائیگا ۔ حکومت نے یو جی سی پے اسکیلس کے تحت تنخواہیں پانے والے ملازمین کے مہنگائی بھتہ میں بھی اضافہ کیا ہے ۔ اس کے علاوہ جوڈیشیل آفیسرس کے مہنگائی بھتہ پر بھی حکومت کی جانب سے نظرثانی کی گئی ہے ۔