ریاستی سطح پر مفاہمت سے بی جے پی کو شکست دینا ممکن : سی پی آئی

حیدرآباد ۔ یکم مئی ( پی ٹی آئی ) سی پی آئی کا یہ ماننا ہے کہ ریاستوں میں انتخابی مفاہمت کرتے ہوئے سکیولر ووٹوں کی تقسیم کو روکا جاسکتا ہے جس سے بی جے پی کو 2019 لوک سبھا انتخابات میں شکست دینے میں مدد مل سکتی ہے ۔ پارٹی جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی سطح پر اور ریاستی صورتحال کے مطابق مفاہمت کرنا ممکن ہے ۔ یہ طریقہ کار اپوزیشن کے ووٹوں اور خاص طور پر سکیولر ووٹوں کی تقسیم سے بچنے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے اور اسی سے بی جے پی کو شکست دی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے تاہم کہا کہ قومی سطح پر کوئی انتخابی مفاہمت شائد ممکن نہ ہوپائے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک انتخابات کا سوال ہے ہر مقام پر حکمت عملی مختلف ہونی چاہئے ۔ قومی سطح پر کوئی مفاہمت شائد ممکن نہیں ہوگی ۔ سدھاکر ریڈی کو حال ہی میں تیسری مسلسل معیاد کیلئے پارٹی جنرل سکریٹری منتخب کیا گیا ہے ۔