ریاستی سرکاری ملازمین کے دیرینہ مسائل کی یکسوئی کا مطالبہ

عمر وظیفہ61 سال مقرر کرنے اور گرانی الاؤنس کی دو اقساط کی ادائیگی کی درخواست : رویندر ریڈی
حیدرآباد ۔ 26؍ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ این جی اوز سنٹرل یونین کی عاملہ نے ریاست کے سرکاری ملازمین ‘ اساتذہ اور ورکرس کے دیرینہ حل طلب مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کے لئے اقدامات کرنے کا ریاستی حکومت بالخصوص چیف منسٹر تلنگانہ چندرشیکھرراو سے پرزور مطالبہ کیا ہے اور کہاکہ اب چونکہ اسمبلی لوک سبھا اور ادارہ جات مقامی ضلع پریشدوں و منڈل پریشدوں کے انتخابات کا عمل بھی مکمل ہوچکا ہے ۔ لہذا کم از کم اب تو بھی سرکاری ملازمین کے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی پر توجہ دینے کی شدید ضرورت ہے ۔ تلنگانہ این جی اوز سنٹرل یونین کی ریاستی عاملہ کا ایک ہنگامی اجلاس رویندریڈی صدر یونین کی صدارت میں تلنگانہ این اوز ہوم واقع نامپلی میں منعقد ہوا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رویندر ریڈی نے بتایا کہ ریاست میں تمام انتخابات بھی پرامن انداز میں منعقد ہوچکے ہیں ۔ اور کم از کم اب سرکاری ملازمین کے مسائل کی یکسوئی پر توجہ دینے کی حکومت سے پرزور خواہش کی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ موجودہ حکومت سرکاری ملازمین کی دوست حکومت ہے اور اس حکومت سے سرکاری ملازمین کو کئی ایک توقعات وابستہ ہیں ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ یکم جولائی 2018 سے ریاستی سرکاری ملازمین کو نئی پی آر سی پر عمل آوری ہونی چاہئے ۔ اب تک ہی انتخابات کی وجہ سے پی آر سی زیر التواء رہی ۔ رویندر ریڈی نے مزید کہا کہ ملازمین کے مسائل کی یکسوئی میں تاخیر ہونے کی وجہ سے ملازمین میں گہری تشویش کا اظہارپایا جا رہاہے ‘ جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے فی الفور یکم جولائی 2018 سے 43 فیصد کے حساب سے سرکاری ملازمین کو عبوری راحت (آئی آر) فراہم کرنے کا حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ۔ علاوہ ازیں تلنگانہ این جی اوز سنٹرل یونین کی عاملہ کے اجلاس کے ریاستی حکومت سے سرکاری ملازمین کے لئے ہیلت اسکیم کو موثر انداز میں عمل آوری کویقینی بنانے انتخابات کے پیش نظر ملازمین وغیرہ کے تبادلوں پر پابندی عائد کی گئی تھی ۔ لہذا فی الفور اس پابندی کو ختم کرکے تبادلوں کے عمل کو شروع کرنے نئے اضلاع میں قدیم اضلاع کے خط پر کیڈر تعداد (ملازمین کی تعداد میں اضافہ کرنے) کی منظوری دینے ریاست بھر میں سرکاری محکمہ جات میں مخلوعہ پائی جانے والی تمام جائیدادوں پر فی الفور تقررات عمل میں لائے ۔

ریاست آندھراپردیش میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ملازمین خدمات انجام دے رہے ہیں ان تمام ملازمین کو فی الفور تلنگانہ واپس بلالیں ۔ تمام سرکاری ملازمین کے لئے وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر کو 58 سال سے بڑھا کر 61سال کرنے (کئے گئے وعدے کے مطابق وعدے کو پورا کرنے) کے لئے اقدامات کرے ۔ یکم جولائی 2018 اور یکم جنوری 2019 سے سرکاری ملازمین کو واجب الادا گرانی الاؤنس کی دو اقساط کو فوری جاری کرے ۔ سرکاری ملازمین کو ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لئے تین سال کے بجائے دو سال کی حد مقرر کر کے ترقی کے مواقع فراہم کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ۔ اس اجلاس میں ٹی این جی اوز سنٹرل یونین کے عاملہ کے تمام عہدیداروں کے علاوہ تمام 33 اضلاع کے صدور و جنرل سکریٹریز ٹی این جی اوز یونین بھی شریک تھے ۔