رہزنوں کے ہاتھوں ہوم گارڈ کے موبائیل کا سرقہ

حیدرآباد 28 مارچ (سیاست نیوز) سعیدآباد پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آئے ایک واقعہ میں رہزنوں نے ایک ہوم گارڈ کا موبائیل فون اُڑالیا۔ پولیس کے بموجب آج صبح سوا گیارہ بجے سعیدآباد دھوبی گھاٹ روڈ پر رچہ کنڈہ ایم ٹی سیکشن سے وابستہ ہوم گارڈ پی مدھو آٹو میں گزر رہا تھا کہ اچانک ایک نامعلوم موٹر سائیکل سوار نے مدھو کو نشانہ بناتے ہوئے اُس کے ہاتھ سے موبائیل فون اُڑالیا۔ اِس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور پولیس سعیدآباد وہاں پہونچ کر تحقیقات کا آغاز کیا اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ رہزن کا پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔