روی شاستری ورلڈکپ کے بعد کوچ نہیں ہوں گے؟

نئی دہلی ۔21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹیم کے کوچ روی شاستری اور کوچنگ عملہ کا معاہدہ انگلینڈ میں 30 مئی کو شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے بعد ختم ہونے جارہا ہے اور بی سی سی آئی جلد ہی اس کے لئے اشتہار دے سکتا ہے۔ شاستری اور دیگر کوچنگ عملہ کے تقررات جولائی 2017 میں ہوئے تھے۔ کرک انفو کے مطابق یہ سمجھا جاتا ہے کہ بی سی سی آئی جلد ہی ان عہدوں کے لئے اشتہار دے سکتا ہے۔ کوچ کے لئے انٹرویو کا عمل 14 جولائی کو ختم ہونے والے ورلڈکپ کے بعد دو ہفتہ کے دوران ہوسکتا ہے۔ ہندوستان کو جولائی کے آخر میں ویسٹ انڈیز کے دورے پر جانا ہے۔ یہ مانا جارہا ہے کہ امیدواروں کے پول کا جائزہ کے بعد بی سی سی آئی ویسٹ انڈیز کے دورے کے لئے عارضی کوچنگ اسٹاف کا تقرر کرسکتا ہے یا پھر شاستری اور ان کی ٹیم سنجے بانگر(معاون کوچ) ‘ بھرت ارون(بولنگ کوچ) اور آر شری دھر(فیلڈنگ کوچ ) کی معیاد میں توسیع کرسکتا ہے۔ بی سی سی آئی کوچ عہدہ کے لئے امیدواروں کو شارٹ لسٹ کرنے ‘ ان کا انٹرویو کرنے اور حتمی فیصلہ کرنے کے لئے ایک مرتبہ پھر تین رکنی کرکٹ مشاورتی کمیٹی مقرر کے گا جس میں سچن تندولکر‘ سورو گنگولی اور وی وی ا یس لکشمن شامل ہوں گے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ شاستری کو امیدواروں کے آخری پول میں براہ راست داخلہ ملے۔ شاستری کی کوچنگ میں ہندوستان نے پہلی مرتبہ آسٹریلیا میں ٹسٹ جیت کر تاریخ رقم کی ہے اور ان کا کپتان ویراٹ کوہلی کے ساتھ تال میل بہت اچھا مانا جاتا ہے لیکن انہیں کوچ کے لئے توسیع ملنا ورلڈ کپ کے نتائج پر بھی منحصر ہے۔