روہت شرما دوسرے مقام پر ،ٹاپ 5میں تین ہندوستانی بیٹسمین

دبئی۔ 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اپنی کپتانی میں ہندوستان کو ساتویں بار ایشیا کپ چمپئن بنانے والے روہت شرما تازہ آئی سی سی ونڈے میں بلے بازوں میں دوسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں جبکہ نائب کپتان شکھر دھون پانچویں مقام پر ہیں۔ اس طرح کی درجہ بندی میں سرفہرست پانچ مقامات میں تین ہندوستانی بلے باز شامل ہیں۔ اس ٹورنامنٹ سے آرام پانے والے باقاعدہ کپتان ویراٹ کوہلی کا چوٹی کا مقام برقرار ہے ۔جب کہ افغان لیگ ا سپنر راشد خان نے بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے آل راؤنڈر ز کی فہرست میں پہلی پوزیشن سنبھال لی ہے ۔آئی سی سی کی بلے بازی رینکنگ میں سرفہرست دو مقامات پر ہندستانی کھلاڑیوں کا قبضہ ہو گیا ہے ۔ روہت کے لئے یہ دوسری بار ہے جب وہ رینکنگ میں دوسرے مقام پر پہنچے ہیں۔ اس سے پہلے وہ گذشتہ جولائی میں بھی دوسرے نمبر پر پہنچے تھے ۔روہت ایشیا کپ میں 317 رنز بنا کر ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے بازوں میں دوسرے نمبر پر رہے تھے ۔ ہندستان نے فائنل میں بنگلہ دیش کو تین وکٹوں سے شکست دے کر ساتویں بار ایشیا کپ جیتا تھا۔ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 342 رنز بنانے والے شکھر چار مقام کی بہتری کے ساتھ پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ہندستان کے دونوں اوپنر روہت اور شکھر افغانستان کے خلاف اپنے آخری سپر چار میچ میں نہیں کھیلے تھے جو ٹائی رہا تھا۔انگلینڈ کے جو روٹ تیسرے ، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر چوتھے اور ہندستان کے شکھر دھوان پانچویں نمبر ہیں۔پاکستان کے بابر اعظم فہرست میں چھٹے نمبر پر ہیں جبکہ ان کے بعد کسی دوسرے پاکستانی بلے باز کا نمبر 19واں ہے جس پر فخرزمان موجود ہیں۔ہندستانی ٹیم کے چائنا مین اسپنر کلدیپ یادو نے ایشیائکپ میں بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمان اور افغانستان کے راشد خان کے ساتھ مشترکہ طور پرسب سے زیادہ10،10 وکٹیں حاصل کرکے بالرز کی رینکنگ میں 3درجے ترقی کے ساتھ کیریئر کی بہترین تیسری پوزیشن پر قبضہ جمالیا ہے ۔افغان لیگ اسپنر راشد خان نے بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 6درجے ترقی کے ساتھ بہترین ون ڈے آل راؤنڈر ہونے کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے ۔ہندستان کے جسپریت بمرا ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر، افغانستان کے اسپنر راشد خان دوسرے نمبر پر موجود ہیں، تاہم ایشیا کپ میں بہترین کارکردگی دکھا کر ہندستان کے کلدیپ یادو نے تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔پاکستان کے حسن علی اس فہرست میں چھٹے نمبر پر ہیں۔راشد خان نے بہترین بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے دوران800 پوائنٹس کا سنگ میل عبور کیا جب کہ بلے بازی کرتے ہوئے 87رنز اسکور کرکے بلے بازوں کی فہرست میں 97ویں پوزیشن سنبھال لی ،افغان اوپنر محمد شہزاد نے 19درجے ترقی کے ساتھ 36ویں پوزیشن پر قبضہ جمایا جو گزشتہ 2سال کے دوران انکی بہترین پوزیشن ہے ۔بنگلہ دیش کی جانب سے وکٹ کیپر بلے باز مشفق الرحیم نے کیریئر کی بہترین 16پوزیشن اپنے نام کی ہے جبکہ ایشیا ئکپ کے فائنل میں ہندستان کے خلاف سنچری بنانے والے لٹن داس 107درجے ترقی کے ساتھ116ویں پوزیشن پر قبضہ کیا ہے ،فاسٹ بالر مستفیض الرحمان 4سیڑھیاں پھلانگ کر12ویں پوزیشن پر پہنچے ہیں ۔متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم کی ناکامی کا اثر براہِ راست کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی پر پڑا اور کئی کھلاڑی ون ڈے کی درجہ بندی میں اپنی پوزیشن بھی برقرار نہیں رکھ سکے ۔پاکستان کے امام الحق نے 15سیڑھیاں پھلانگ کر کیریئر کی بہترین 27ویں پوزیشن سنبھالی ہے جبکہ شعیب ملک 12درجے ترقی کے ساتھ42ویں نمبر پر پہنچے ہیں ۔فخر زمان کو بھی 3درجے تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اب وہ 19ویں پوزیشن پر موجود ہیں ۔فاسٹ بالر جنید خان نے 7درجے ترقی کے ساتھ30ویں پوزیشن پر قبضہ جمایا ہے جبکہ حسن علی 3د رجے تنزلی کے ساتھ چھٹی پوزیشن پر آگئے ہیں۔سری لنکا کی جانب سے اپل تھرنگا نے 2درجے ترقی کے ساتھ41ویں پوزیشن سنبھالی ہے جبکہ ہانگ کانگ کے کپتان انشومن راتھ نے ہندستان کے خلاف73رنز کی اننگز کھیل کر 352پوائنٹس کے ساتھ55ویں پوزیشن سنبھالی ہے جو کسی بھی ہانگ کانگ کے بلے باز کے حاصل کردہ سب سے زیادہ پوائنٹس ہیں ۔ان کے اوپننگ پارٹنر نزاکت خان نے 28درجے ترقی کے ساتھ78ویں پوزیشن سنبھالی ہے ۔ آئی سی سی کی ون ڈے ٹیم رینکنگ میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں ہوئی تاہم پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کو ایشیا ئکپ میں ناقص کاکردگی کے باعث 3،3پوائنٹس کی کٹوتی کا خمیازہ بھگتنا پڑا ہے جبکہ افغانستان کو5اور ہندستان کو1 پوائنٹ کا فائدہ پہنچا ہے ۔آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والی نئی ون ڈے رینکنگ کے مطابق انگلینڈ بدستور پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ ہندستان دوسرے نمبر پر ہے ۔ایشیا کپ میں صرف 2فتوحات کے باوجود پاکستان فہرست میں 5ویں نمبر پر موجود ہے ۔