روڈ سیفٹی پر مرکز کے نئے بل کے خلاف ملک گیر ہڑتال

تلنگانہ میں جزوی اور اے پی میں معمولی اثر ، آر ٹی سی ملازمین یونین ہڑتال میں شامل نہیں
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : روڈ سیفٹی پر مرکز کے نئے بل کے خلاف احتجاج میں ٹرانسپورٹرس کی جانب سے ملک گیر ہڑتال کا ریاست میں جزوی ردعمل ظاہر ہوا ہے ۔ حیدرآباد میں ٹرانسپورٹ خدمات جزوی طور پر متاثر ہوئیں اس طرح آٹو رکشا ، کیابس اور ٹرکس سڑکوں پر بدستور نظر آئے ۔ لیکن بڑی ملازمین یونین ریاستی روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ( آر ٹی سی ) اس میں حصہ نہیں لے رہی ہے ۔ اس طرح پبلک ٹرانسپورٹ پر اس ہڑتال کا کوئی اثر نہیں پڑا ۔ شہر اور ریاست میں بس خدمات معمول کے مطابق چل رہی ہیں ۔ یہ بات آر ٹی سی عہدیداروں نے بتائی ۔ اصل میں اے پی ایس آر ٹی سی عہدیداروں نے چہارشنبہ کو اطلاع دی تھی کہ بسیں معمول کے مطابق چلیں گی ۔ دونوں ریاستوں میں آر ٹی سی ڈپوز کے باہر ملازمین کا ایک گروپ احتجاج منظم کیا ۔ بلیک بیاجس لگا کر ملازمین بل کے خلاف نعرے بلند کر رہے تھے ۔ آٹو ڈرائیورس کی بعض یونینوں نے ریالی نکالی اور بل میں مجوزہ مخالف ورکرس اقدامات پر احتجاج کیا ۔ جو باغ لنگم پلی تا اندرا پارک مرکزی حکومت کی پالیسیوں کو آشکار کرنے نکالی گئی ۔ سنٹر آف ٹریڈ یونینس نے آر ٹی سی کراس روڈس پر معمولی ٹریفک خلاف ورزیوں پر جرمانوں میں مجوزہ اضافہ کے خلاف احتجاج کیا ۔ اطلاعات کے مطابق تلنگانہ میں اضلاع اور ٹاؤنس کے مختلف حصوں میں ہڑتال کا کوئی اثر نہیں پڑا آٹو رکشا اور ٹیکسیاں معمول کے مطابق چلتی رہیں ۔ آندھرا پردیش میں وشاکھا پٹنم ، وجئے واڑہ ، تروپتی اور دیگر شہروں میں معمولی اثر دیکھا گیا ۔۔