روس پر شام میں بے گناہ شہریوں کو قتل کرنے امریکہ کا الزام

واشنگٹن۔ 30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے ایک بار پھر روس پر شام میں بے گناہ شہریوں کو ہلاک کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ شام میں 30 ستمبر سے جاری روسی فوج کے فضائی حملوں میں اب تک سینکڑوں عام شہری مارے جا چکے ہیں۔ روسی فوج کے حملوں میں مارے جانے والے شہریوں کے بارے میں سامنے آنے والی رپورٹس نہایت خوفناک ہیں۔ اس معاملہ پر وزیرخارجہ امریکہ جان کیری اپنے دورہ ماسکو کے دوران روسی قیادت سے سخت احتجاج اور غم و غصہ کا بھی اظہار کرچکے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ حال ہی میں جان کیری نے اپنے دورۂ روس کے دوران ماسکو قیادت کے سامنے بھی شام میں بے گناہ شہریوں کی ہلاکتوں کا معاملہ اٹھایا اور بمباری میں عام شہریوں کو نشانہ بنانے سے گریز کا مطالبہ کیا۔امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غیرسرکاری تنظیموں کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس انتہائی خوفناک ہیں۔ ان رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ روسی فوج کے جنگی طیاروں کے ذریعہ کیے گئے حملوں میں اسکول کے طلباء و طالبات ،کمسن بچے، امدادی کارکن اور خواتین بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ روسی فوج ، صدر شام بشارالاسد مخالف باغیوں کے خلاف کارروائی کی آڑ میں دواخانوں ،اسکولوں اور مصروف بازاروں کو بھی نشانہ بنا رہی ہے۔