روسی وزیرخارجہ سرجی لاروف کا دورہ شمالی کوریا

قائد شمالی کوریا کم جونگ ان کو دورہ روس کی دعوت
سیول ۔ 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) روسی وزیرخارجہ سرجی لاروف آج شمالی کوریا کے دورہ پر پہنچے۔ شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور شمالی کوریائی قائد کم جونگ کے درمیان ہونے والی تاریخی ملاقات سے قبل اس دورہ کو اہیت کا حامل قرار دیا ہے جبکہ اس ملاقات کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو بھی کم جونگ کے بااعتماد رفیق کم یونگ چول سے نیویارک میں ملاقات کررہے ہیں۔ یاد رہیکہ سرجی لاروف شمالی کوریا کے وزیرخارجہ ری یونگ ہو کی جانب سے مدعو کئے جانے کے بعد شمالی کوریا کا دورہ کررہے ہیں۔ دریں اثناء روس کی تاس خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ پیانگ یانگ کی سپریم پیوپلز اسمبلی بلڈنگ میں دونوں قائدین نے بات چیت کا آغاز کردیا ہے جبکہ روسی وزارت خارجہ نے قبل ازیں کہا تھا کہ دونوں قائدین کے درمیان باہمی تعلقات اور اہم بین الاقوامی اور علاقائی معاملات پر بات چیت ہوگی۔ سرجی لاروف 2009ء کے شمالی کوریا کا پہلی بار دورہ کررہے ہیں جبکہ کل پہلی بار انہوں نے اپنے امریکی ہم منصب پومپیو سے بھی ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ امریکہ شمالی کوریا سے اس بات کا خواہاں ہیکہ وہ فوری طور پر اپنے تمام نیوکلیئر ہتھیاروں سے دستبرداری اختیار کرلے۔ روسی وزیرخارجہ سرجی لاروف نے آج شمالی کوریا کے قائد کم جونگ ان کو روس کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔