روسی اپوزیشن قائد گھر پر نظربند

ماسکو 28 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ماسکو کی ایک عدالت نے روس کے اپوزیشن قائد الیکسی نوالنی کو اُن کی قیامگاہ پر نظربند کردیا ہے اور اُن پر امتناع عائد کردیا ہے کہ وہ انٹرنیٹ استعمال نہ کریں اور نہ دورہ کرنے والے کسی سے ملاقات کریں۔ نوالنی اپوزیشن کے قائد ہیں اور کرپشن کے خلاف جدوجہد کیلئے شہرت رکھتے ہیں۔ وہ اور اُن کے حامی جنوری میں حکومت کی مذمت میں ایک رپورٹ شائع کرچکے ہیں جس میں سوچی اولمپکس کی تیاریوں کے درمیان کرپشن کا دستاویزی ثبوت دیا گیا ہے۔ نوالنی کے ساتھیوں نے اُن کے بلاگ پر تحریر کیا کہ بسمانی عدالت ماسکو میں وکلائے استغاثہ کی ایک درخواست منظور کرلی جس میں نوالنی کی گرفتاری کی اجازت طلب کی گئی تھی اور اُنھیں ایک جھوٹے مقدمہ میں پھنسایا گیا تھا۔ گزشتہ سال جولائی میں نوالنی دھوکہ دہی کے مجرم قرار دیئے گئے تھے اور اُنھیں 5 سال کی سزائے قید سنائی گئی تھی۔

تھائی لینڈ میں سڑک حادثہ، 14ہلاک، 40 زخمی
بنکاک 28 فروری (سیاست ڈاٹ کام) تھائی لینڈ کے وسطی صوبہ پراچین بوری میں آج صبح ایک حادثہ میں کم از کم 14 افراد ہلاک اور دیگر 40 زخمی ہوگئے۔ جبکہ ایک 18 پہیوں والی لاری کا تصادم ایک ٹورسٹ بس سے ہوگیا۔ جس میں طلبہ تفریحی سفر پر جارہے تھے۔