روزہ دار کو اللہ کے حاضر و ناظر ہونے کا یقین کامل

دینی تربیتی اجتماع سے مولانا محمد نعیم الدین حسامی عادلؔ کا خطاب
حیدرآباد /25 مئی ( راست ) اللہ تعالی کے خاص فضل کے دن یعنی رمضان المبارک میں ہر مسلمان دین کی طرف راغب ہوجاتا ہے ۔ برائیوں سے اجتناب کرتا ہے اور نیکی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا ہے ۔ دن میں روزہ اور پانچ وقت کی نمازیں اور رات میں تراویح کا سلسلہ پورے رمضان المبارک جاری رکھتا ہے ۔ اللہ تعالی کے حاضر و ناظر ہونے کا روزہ دار کو یقین کامل ہوتا ہے ۔ تب ہی تو وہ سخت پیاس کے باوجود انتہائی میں بھی پانی نہیں پیتا ۔ بہ الفاظ دیگر یہ مہینہ مسلمانوں کی تربیت کا مہینہ ہوتا ہے ۔ لہذا اس تربیت کے فائدے کو بعد کے مہینوں میں بھی جاری رکھیں تاکہ صحیح معنی میں مومن بن جائیں ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا محمد نعیم الدین حسامی عادل نے سراج العلماء اکیڈیمی پنجہ شاہ حیدرآباد میں کیا ۔ مولانا نے کہا کہ رمضان المبارک بہت ہی باربرکت مہینہ ہے ۔ اس میں اللہ تعالی نے اپنا کلام قرآن پاک نازل فرمایا ہے ۔ اس میں ہر طرح کی احکامات دین کو مکمل فرمادیا ہے ۔ اس مہینہ میں ایک رات عطا فرمائی ہے جو شب قدر ہے ۔ اس کے بارے میں ارشاد ہوا ہے کہ وہ رات ہزار مہینوں سے بہتر ہے ۔ اس رات جو بھی نیک عمل کریں گے اس کا ثواب اللہ تعالی ہزار مہینے کرنے کے برابر عطا فرمائیں گے ۔ یہ عظیم فضل و کرم صرف اور صرف رسول اللہ ﷺ کی وجہ سے ہم تمام مسلمانوں کیلئے تاقیامت جاری رہے گا ۔ لہذا ہم مسلمانوں کو چاہئے کہ اس کی پیروی کرتے ہوئے کم از کم قرآن پاک کا ایک مرتبہ دور ضرور کریں ۔