روزہ بہترین ’ڈائٹنگ پلان‘ رمضان عبادت اور صحت

آج کل بہت سی خواتین اور لڑکیاں وزن کی زیادتی سے پریشان ہیں ، ورزش کرتی ہیں ۔ اگر اس کی جگہ صحیح طریقے سے روزے رکھ لئے جائیں تو نہ صرف جسم کی چربی کم ہوجائیگی بلکہ بیماریوں سے بھی چھٹکارا مل جائیگا ۔ روزے کے ذریعہ بہترین طریقہ سے وزن کم کیا جاسکتا ہے ۔

رمضان المبارک بڑی رحمتوں والا مہینہ ہے جس میں ہمیں اللہ تعالی کی طرف سے عبادتوں کا ثواب اور گناہوں کا کفارہ ادا کرنے کا بھرپور موقع ملتا ہے روزے دار جب مسلسل 30 دنوں تک روزے رکھتا ہے تو اس کا جسمانی نظام مضبوط اور طاقتور ہوجاتا ہے کیونکہ اس مبارک مہینے میں دن بھر بھوکا پیاسا رہ کر اپنے نفس کو قابو کرنے کی مشق ہوجاتی ہے ۔چنانچہ بسیارخوری ہو یا کوئی عادت ‘  اس پر قابو پانا آسان ہوجاتا ہے ۔ اس طرح جسم کا زیادہ وزن کم کیا جاسکتا ہے ۔ رمضان المبارک ختم ہونے کے بعد بھی روزے رکھنے کا عمل جاری رکھا جاسکتا ہے ۔ اس سے بڑھتے ہوئے وزن کو قابو میں کیا جاسکتا ہے ۔ روزے کی افادیت یوں بھی بڑھ جاتی ہے کہ اس میں شفاء ہے ۔ رمضان المبارک میں افطار و سحر کے اوقات میں جامع منصوبہ بندی کے ذریعہ ’’ ڈائٹ پلان ‘‘ بنایا جاسکتا ہے۔ اس لئے کہ روزہ ایک خاموش معلم ہے اگر مہینے بھر پابندی کے ساتھ ڈائٹ کے نظام پر عمل کر لیا جائے تو یہ مستقبل میں مفید ثابت ہوگا ۔