روزہ اور قرآن قیامت کے دن بندے کی سفارش کریں گے

کالج طالبات کے لیے خصوصی رمضان پروگرامس کا انعقاد
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جون : ( راست ) : رمضان کے روزے رکھنا ، اسلام کے پانچ بنیادی ارکان میں سے ایک رکن ہے ۔ اسی مہینے میں قرآن کریم نازل ہوا ۔ اسی ماہ مبارک میں لیلتہ القدر ہے جو ہزار مہینوں سے بہتر رات ہے ۔ اس مہینے کے روزے اللہ تعالیٰ نے فرض کیے ہیں اور روزہ رکھنا بھی نماز ، زکواۃ اور حج و عمرہ کی طرح ایک نہایت اہم عبادت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار محترمہ طلحہ جبین ایم بی اے مسلم گرلز اسوسی ایشن نے مسلم گرلز اسوسی ایشن کی جانب سے جاری کالجس کی طالبات کے لیے خصوصی رمضان پروگرام میں شاداں جونیر کالج کی طالبات کو ’ رمضان اور روزہ ‘ کے عنوان پر مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’ جب رمضان آتا ہے تو آسمان کے دروازے کھول دئیے جاتے ہیں اور جہنم کے دروازے بند کردئیے جاتے ہیں اور شیطانوں کو جکڑ دیا جاتا ہے ‘ ۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم نے فرمایا ’ روزہ اور قرآن قیامت کے دن بندے کی سفارش کریں گے ۔ روزہ کہے گا ۔ اے میرے رب ، میں نے اس بندے کو دن کے وقت کھانے پینے اور حرام کاموں سے روکے رکھا ، پس تو میری طرف سے اس کی سفارش قبول فرما ۔ قرآن کہے گا ، میں نے اس کو رات کے وقت سونے سے روک دیا تھا ۔ پس تو اس کے بارے میں میری سفارش قبول فرما ، سو ان دونوں کی سفارش قبول کی جائے گی ‘ ۔ انہوں نے کہا کہ روزے میں انسان بھوکا پیاسا رہتا ہے تو اسے ان لوگوں کی تکلیفوں کا احساس ہوتا ہے جن کی زندگی فاقوں میں گزرتی ہے اور اس کے اندر ایسے لوگوں کے لیے ہمدردی کے جذبے پیدا ہوتے ہیں اور وہ ایثار و قربانی کے جذبوں سے سرشار ہو کر اپنی طاقت کے مطابق ان کی مدد و تعاون کرتا ہے ۔ لہذا ہمیں اس ماہ رمضان میں اپنی اسلامی تربیت پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے اور ایک مضبوط امت بن کر اپنی ذمہ داریوں کو اٹھانا ہے ۔۔