روحانی گرو سری سری روی شنکر کو دولت اسلامیہ کا دھمکی آمیز مکتوب

کوالالمپور ۔ 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ملائیشیائی پولیس ایک ایسے مکتوب کے بارے میں تحقیقات کررہی ہے جو مبینہ طور پر دولت اسلامیہ گروپ کی جانب سے ہندوستانی روحانی گرو سری سری روی شنکر کو انہیں ہلاک کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے تحریر کیا گیا ہے جو اس وقت پینانگ میں ہیں۔ انسپکٹر جنرل پولیس خالد ابوبکر نے اس بات کی توثیق کی کہ روحانی گرو کو ایک مکتوب ملا ہے۔ وہ اس وقت یوگا فیسٹیول میں شرکت کیلئے پینانگ ہیں جہاں ہزاروں افراد نے شرکت کی ہے۔ پولیس اسی مکتوب کے اصل مقام کے بارے میں تحقیقات کررہی ہے جسے مقامی طور پر ڈاک کے حوالے کیا گیا اور اس پر آرٹ آف لیونگ کے ملائیشیا کی چیاپٹر موقوعہ شاہ عالم مضافات کا پتہ درج تھا۔ تاہم مکتوب ایک ایسے ہوٹل منیجر کے نام تحریر کیا گیا تھا جس ہوٹل میں روی شنکر کا قیام تھا۔ مکتوب کے ساتھ سیارہ رنگ کے ایک پرچم اور ایک ایسے شخص کی تصویر بھی موجود تھی جس کا سر قلم کیا جاچکا ہے۔ مکتوب میں انتباہ دیا گیا ہیکہ اگر روی شنکر نے ملائشیا میں اپنی ہندو سرگرمیاں جاری رکھیں تو ہوٹل کو تباہ کردیا جائے گا۔ ملائشیا میں یوں تو ہر مذاہب کے لوگ آباد ہیں۔ تاہم یہاں اکثریت مسلمانوں کی ہے جس میں صرف 8 فیصد ہندوؤں کی آبادی بھی ہے۔ مکتوب میں مزید تحریر کیا گیا ہیکہ روی شنکر اور ان کی تنظیم آرٹ آف ایونگ فاونڈیشن ایران اور عراق کے مذہبی امور میں مداخلت کررہی ہے اور مشرق وسطیٰ میں مسلمانوں کو تبدیلی مذہب کروایا جارہا ہے۔ اگر انہوں نے ملائیشیا میں قدم رکھا تو ہوٹل کو دھماکے سے اڑا دیا جائے گا جس میں مزید کئی ہزار بے قصور لوگ بھی مارے جاسکتے ہیں۔ دولت اسلامیہ کو القاعدہ کی ہی ایک شاخ سمجھا جارہا ہے جبکہ القاعدہ نے اس سے دوری اختیار کرلی ہے۔ دوسری طرف آرٹ آف لیونگ کے ایک ترجمان نے کہا کہ گرو یوگا فیسٹیول میں شرکت کیلئے یہاں آئے ہیں جہاں انہوں نے باٹو کو ان اسٹیڈیم میں 70,000 کے مجمع سے خطاب کیا۔ انہوں نے اس بات کی بھی توثیق کی کہ روی شنکر ایک سمپوزیم میں شرکت کے بعد سنگاپور روانہ ہوچکے ہیں۔