روایتی عروسی ملبوسات کا انداز بدل گیا

لڑکی کی زندگی میں شادی سب سے اہم ترین موقع ہوتا ہے۔ اس کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ سب سے منفرد، جاذب نظر، پرکشش اور خوبصورت نظر آئے۔ اس اہم تقریب میں دُلہن کے حسن کو چار چاند لگانے کیلئے خصوصی طور پر دُلہن کے لباس اور میک اَپ کا انتظام کیا جاتا ہے۔ دُلہن کے حسن کو بڑھانے میں عروسی لباس کا بہت عمل دخل ہوتا ہے۔

لباس منفرد اور شخصیت پر جچ رہا ہو تو میک اپ اور جیولری کا استعمال دُلہن کی کوشش کو چار چاند لگانے اور مزید نکھار کا باعث بنتا ہے۔ لباس دُلہن کی خوبصورتی بڑھانے میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ پہلے پہل لوگ دلہن کی تیاری میںاتنی دلچسپی نہیں لیتے تھے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ روایتی عروسی لباس میں بھی کئی تبدیلیاں آتی گئیں اور ان کا رنگ ڈھنگ بھی بدل گیا۔ اب مختلف رنگوں میں عروسی ملبوسات دستیاب ہیں، پہلے صرف سرخ رنگ کو ہی ترجیح دی جاتی تھی۔ دُلہن کے لباس کے انتخاب میں لوگوں کو باخبر رکھنے میں اہم کردار اُن ڈریس ڈیزائنر کا ہے۔ دلہن پر کیا جچے گا، اس کی ڈیزائننگ کیسی ہونی چاہئے، خواتین کی خواہش ہوتی ہے کہ ڈریس ڈیزائنر دلہن کو اتنا خوبصورت بنادیں کہ وہ سب کی نگاہوں کا مرکز بن جائے۔