رمیش چنتھالا کیرالا کے نئے وزیر داخلہ ؟

تھرواننتھاپورم ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا پردیش کانگریس کمیٹی صدر رمیش چینتھالا نے آج اومین چنڈی کی قیادت والی یو ڈی ایف وزارت میں شمولیت اختیار کرلی تاکہ آنے والے لوک سبھا انتخابات کیلئے ممکنہ اتحاد کو مضبوط تر کیا جاسکے۔ کابینہ کی محدود توسیع کرتے ہوئے گورنر نکھل کمار نے 57 سالہ چینتھالا کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا ۔ توقع کی جارہی ہے کہ مسٹر چینتھالا کو وزارت داخلہ کا قلمدان تفویض کیا جائے گا جو ممکنہ طور پر پارٹی رفیق تھرو ونچور رادھا کرشنن کی جگہ لیں گے جنہیں کابینہ میں برقرار رکھا گیا ہے۔

تائید سے دستبرداری پر عوام معاف نہیں کرینگے: بھوشن
ممبئی۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی لیڈر پرشانت بھوشن نے کہا کہ اروند کیجریوال کی زیرقیادت حکومت کی تائید سے دستبرداری کی صورت میں دہلی کے عوام کانگریس کو معاف نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی اسمبلی انتخابات میں کامیابی کے بعد ان کی پارٹی کا اگلا نشانہ لوک سبھا انتخابات ہیں۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا کانگریس کے ساتھ اتحاد نہیں ہے ، بلکہ کانگریس اپنی مجبوریوں کی بناء ہماری تائید کررہی ہے۔ ہم نے کہا ہے کہ ہمیں کسی طرح کی شرائط منظور نہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر کانگریس تائید سے دستبرداری اختیار کرلے تو عام آدمی پارٹی کا کیا موقف ہوگا ، انہوں نے کہا کہ دہلی کے عوام آئندہ انتخابات میں کانگریس کو معاف نہیں کریں گے۔ ہر کوئی یہ جانتا ہے کہ ہم نے اقتدار کی خاطر انتخابی سیاست شروع نہیں کی ہے ۔ ہمارا مقصد کرپشن سے پاک ہندوستان ہے۔