رمضان میں رات دیر گئے تک بازار کھلے رکھنے کی اجازت

وزیر اقلیتی بہبود تلنگانہ کے ایشور کا جائزہ اجلاس میں پولیس کو ہدایت
حیدرآباد۔29اپریل(سیاست نیوز) ماہ رمضان المبارک کے دوران حسب روایت بازار کو رات دیر گئے تک کھلا رکھنے کے احکام جاری کردیئے گئے ہیں اور ریاستی وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے جائزہ اجلاس کے دوران محکمہ پولیس کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ رات کے اوقات میں بازار کھلے رکھنے پر کوئی اعتراض نہ کیا جائے اور تمام پولیس اسٹیشنوں کے ذمہ داروں کو اس بات سے واقف کروا دیا جائے کہ حکومت کی جانب سے ماہ رمضان المبارک کے دوران رات کو بازار کھلے رکھنے کی اجازت دے دی گئی ہے ۔ماہ رمضان المبارک کے دوران حکومت اور محکمہ پولیس کی جانب سے شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں رات کو بازار کھلا رکھنے کی خصوصی اجازت فراہم کی جاتی ہے اور اس مرتبہ بھی ماہ رمضان المبارک کے آغازسے قبل منعقد کئے جانے والے اس جائزہ اجلاس میں ہی وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے پولیس عہدیدارو ں کو اس بات کی ہدایت دی کہ وہ رات کے اوقات میں بازاروں کو کھلا رکھنے والوں کو ہراساں نہ کریں اور امن و ضبط کی برقراری کے لئے اقدامات کو یقینی بنائیں۔