رمضان میں خواتین کے معمولات کیا ہونے چاہئیں ؟

رمضان المبارک کے آتے ہی خاتون خانہ کے معمولات میں تبدیلی واقع ہونا شروع ہوجاتی ہے ۔ اگر خواتین ملازمت پیشہ ہیں تو پھر ان کے لئے گھر اور دفتر دونوں جگہوں پر ہی وقت کی پابندی لازمی ہوجاتی ہے کیونکہ افطار کا وقت تو مقرر ہوتا ہے اور اس میں کسی قسم کی دیر کی گنجائش موجود ہی نہیں ہوتی ۔

ملازمت پیشہ خواتین کو چاہئے کہ وہ اپنے روزانہ کے معمولات اس طریقے سے طے کریں کہ انہیں نہ تو دفتر اور نہ ہی گھر میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا کرنا پڑے ۔ یہی وجہ ہے کہ کچھ خواتین گھر کی صاف ستھرائی کے معاملات رمضان کی آمد سے قبل ہی نمٹالیتی ہیں تاکہ دوسرے کاموں کے ساتھ ساتھ صفائی کی مشقت سے بچا جاسکے ۔ اس کے علاوہ  افطاری کے وقت استعمال ہونے والی اشیاء کے مصالحہ جات بھی خواتین بنا کر فریز کرلیتی ہیں ۔  رمضان کے مہینے میںمعمولات خواہ کتنے ہی تبدیل کیوں نہ ہوجائیں لیکن اس مہینے میں کام کر کے ایک عجیب طرح کا اطمینان اور خوشی ضرور حاصل ہوتی ہے اور کسی قسم کی تھکاوٹ کا عنصر بھی غالب نہیں آتا ۔