رمضان مبارک رضاے حق کا پیام دینے کے علاوہ ذوق عبادت میںفروغ عطا کرتا ہے

جامع مسجد محبوب شاہی مالاکنٹہ، مسجد حسینی بنجارہ ہلزاور حمیدیہ میں ڈاکٹر حمید الدین شرفی کے خطابات‘‘
حیدرآباد ۔۲۰؍جون( پریس نوٹ) قرآن حکیم کے احکام کی تعمیل اور سنت نبوی ؐ کی پیروی کے ذریعہ مومن صحیح معنوں میں تقاضہ ایمان کی تکمیل کر سکتا ہے کتاب و سنت کو چھوڑ کر کوئی بھی فلاح اور سعادت نہیں پا سکتا۔ جو لوگ اطاعت حق تعالیٰ اور اتباع رسالت ؐ میں کامل ہیں انہیں مبارک ہستیوں کو صالحین میں شامل ہونے کی عزت نصیب ہوتی ہے جن کے لئے رزق کی فراوانی، ثواب کی کثرت، نوید جنت اور پیام رضائے حق تعالیٰ ملتا ہے ۔ ماہ رمضان ایمان کی تقویت و تازگی، عبادات کا فیضان پانے، اعمال صالحہ کا روح پرور جذبہ ، اخلاق و کردار کی تربیت، افکار کی پاکیزگی اور جادئہ حق پر عزم نو کے ساتھ گامزن ہو جانے اور ما بعد ماہ رمضان دائماً صراط مستقیم پر استقامت کا خداداد موقع ہے۔ اس ماہ مبارک کی شان و عظمت کے لئے یہی کافی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے نزول کلام پاک کے لئے اسی مقدس مہینے کی ایک رات کو منتخب فرما یا اور اسے ہزار مہینوں سے زیادہ قدر و منزلت سے نواز دیا ۔ رمضان مبارک کا عشرہ اول رحمت سے سرفرازی کا پیام لاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کی توبہ قبول فرما کر انہیں اپنے عفو و کرم سے معاف فرما دیتا ہے کیوں کہ وہی غفور اور بہت رحم فرمانے والا ہے مسلمان خوش مقدر ہیں کہ انہیں خالق کائنات نے با ر بار عفو و مغفرت طلبی کے مواقع عنایت فرماے ہیں۔ ماہ رمضان اور قرآن پاک روزہ داروں اور تلاوت قرآن مجید اور سماعت کلام اللہ کرنے والوں کی بارگاہ الٰہی میں شفاعت کریں گے اور مولیٰ تعالیٰ ان کی سفارش کو قبول فرماے گا۔ ان خیالات کا اظہار کرتے ہوے ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک و سجادہ نشین حضرت تاج العرفاءؒ نے جمعہ یکم ؍رمضان المبارک کو قبل نماز جمعہ جامع مسجد محبوب شاہی مالا کنٹہ روڈ روبرو معظم جاہی مارکٹ اور مسجد حسینی بنجارہ ہلز روڈ نمبر ۳ اور بعد نماز عصر حمیدیہ سبزی منڈی میںانیسویں سالانہ حضرت تاج العرفاء سیف شرفی ؒ یادگار خطابات کے پہلے دن کے اجلاسوں میں ان خیالات کا اظہار کیا۔ انھوں نے سلسلہ کلام جاری رکھتے ہوے کہا کہ روزہ کا مقصود حصول تقویٰ ہے۔ نظر کو برے مناظر سے بچانا، سماعت کو بری باتیں سننے سے، زبان کو ہر قسم کی بری بات، کذب، فحش، چغلی سے، ہاتھوں کو ظلم اور برے اعمال سے اور پیروں کو بری اور ممنوعہ جگہوں پر جانے سے روکنا، ظاہری و باطنی گناہوں سے اجتناب کرکے صحیح معنوں میں روزہ کو مقبول بارگاہ حق بنایا جاسکتا ہے جس کا اجر و بدل دست قدرت سے عطا ہو گا۔ سحری کھانا باعث برکت اور امت محمدؐیہ کے لئے خاص عطاے ربانی ہے۔ روزہ دار کی دعائیں رد نہیں ہو تیں بالخصوص بوقت افطار۔ قیام رمضان یعنی نماز تراویح اس مقدس مہینے کے ساتھ خاص ہے۔ نماز تراویح میں امام کا قرآن مجید سنانا اور مصلیوں کا کلام اللہ سننا اہل ایمان کی ابتداء ہی سے سعادت عظیم ہے۔ ڈاکٹر حمید الدین شرفی نے کہا کہ ماں باپ کی خدمت حیلہ مغفرت ہوتی ہے ۔اجلاسوں کے آخر میں رقت انگیز دعاء کی گئی۔