رمضان المبارک کے دوران یو پی میں پولیس سخت چوکس

لکھنو ۔ 30 ۔ جون (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش پولیس کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے آغاز کے ساتھ ہی ریاست بھر میں چوکس کردیا گیا ہے ۔ یاد رہے کہ یو پی کے بعض اضلاع کی یہ روایت رہی ہے کہ وہاں رمضان المبارک کے دوران حالات کشیدہ ہوجاتے ہیں ۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (لاء اینڈ آرڈر) مکل گوئل نے ڈسٹرکٹ پولیس کے سربراہان اور لوکل انٹلجنس یونٹس (LIU) کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے انتہائی چوکس رہنے کی ہدایت کی ہے اور یہ بھی کہا ہے کہ وہ سوشیل نیٹ ورکنگ سائٹس پر بھی کڑی نظر رکھیں کیونکہ قبل ازیں سوشیل نیٹ ورکنگ سائٹس کی وجہ سے ہی فرقہ وارانہ کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا جس کی مثال مظفر نگر ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ مظفر نگر جیسے واقعات کا اعادہ نہ ہو۔ ایسے علاقے جہاں اقلیتوں کی قابل لحاظ تعداد ہے وہاں پولیس جمیعت تعینات کی گئی ہے اور ذرہ برابر مشکوک حرکات و سکنات کی اطلاع سینئر پولیس عہدیداروں کو دیئے جانے کی خصوصی ہدایت کی گئی ہے ۔ یاد رہے کہ اکھلیش یادو حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد گزشتہ دو سال کے دوران کئی فرقہ وارانہ فسادات ہوچکے ہیں ۔