رمضان المبارک نزول قرآن، صوم و صلوٰۃ اور تزکیہ نفس کا مہینہ

رحمت عالم کمیٹی کااجلاس، مولانا ڈاکٹر محمدعبدالنعیم قادری، محمد شاہد اقبال قادری کا خطاب

حیدرآباد۔/5جون، ( راست ) رمضان کی آمد پر ہم دل کی گہرائیوں سے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے گنہگاروں کو ایک بار پھر یہ موقع و انعام عطا کیا کہ ہم اعمال صالحہ کثرت سے کریں اور اس کا قرب حاصل کریں۔ رمضان شریف نزول قرآن، صوم و صلوٰۃ اور تزکیہ نفس کا مہینہ ہے، اس مبارک مہینہ میں ہم ایسا لائحہ عمل بنالیں تاکہ ہمارا ایک لمحہ بھی ضائع نہ ہو۔ معلوم نہیں کہ آئندہ رمضان تک ہم زندہ رہیں گے یا پھر اس دنیائے فانی سے کوچ کرجائیں گے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ جو دوزخ سے بچالیا گیا اور جنت میں داخل کیا گیا ہے بے شک ایسے ہی لوگ کامیاب اور بامراد ہیں۔ رمضان المبارک کے روزے رکھنا بھی نماز و زکوٰۃ اور دیگر ارکان کی طرح ایک رکن ہے۔ قیامت کے دن روزہ داروں کو بیحد ثواب ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی 2جولائی کو چنچل گوڑہ جونیر کالج گراؤنڈ پر منعقد ہونے والی پندرہویں لیلۃ القدر کانفرنس کے ضمن میں مشاورتی اجلاس بمقام قادریہ اسلامک سنٹر دبیر پورہ سے مولانا ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری نظامی ( نائب صدر رحمت عالم کمیٹی) نے کیا۔ اجلاس کا آغاز حافظ و قاری شیخ حسین قادری ملتانی کی قرات کلام پاک سے ہوا۔ بارگاہ رسالت مآبؐ میں ہدیہ نعت پیش کی گئی۔ مولانا نے اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے موجودہ حالات کی سنگینی پر نہایت افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ موجودہ نسل روزہ کا مقصد ہی بھول چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر انسان اپنے اعمال کا محاسبہ کرتے ہوئے دیکھ لے اور سوچ لیں کہ رمضان المبارک میں پہلے سے کتنا زیادہ پرہیز گار ہوگیا۔ پہلے کی حالت میں اور اب میں کتنا فرق ہے۔ بے پردگی کو چھوڑدیا یا نہیں، غیبت سے یعنی کسی کو پیٹھ پیچھے برا کہنے سے رُکا یا نہیں۔ کسی کی چغل خوری سے رُکا یا نہیں۔ فلم بینی سے چھٹکارہ حاصل کیا یا نہیں، کسی کو تکلیف دینے، پڑوسیوں کے حقوق مارنے، دوسروں کی زمین پر قبضہ کرنے سے، مساجد میں چلا چلاکر دنیاوی باتیں کرنے سے اور ناحق کسی کو قتل کرنے سے، والدین کی نافرمانی کرنے سے، بے حیائی اور بری باتوں سے اور بری جگہوں پر جانے سے مثلاً پارکوں، سینما تھیٹروں وغیرہ جانے سے رُکا یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عورتیں کھانا بنانے اور افطار کی تیاری میں عصر کی نماز میں بہت دیر کرتی ہیں بہت ساری عورتیں تو ایسی ہیں کہ قضاء بھی کرتی ہیں۔ محمد شاہد اقبال قادری ( صدر رحمت عالم کمیٹی ) نے کہا کہ کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے اہم بنیادی مقاصد میں ریاستی سطح سے بالخصوص مسلک حق اہلسنت والجماعت کی ترویج و اشاعت ، معاشرہ کا سدھار، برائیوں کا خاتمہ ، بدکاریوں کے سدباب اور نوجوان نسل کو مغربی تہذیب کے اثرات سے بچاکر ایک صالح و دیندار معاشرہ کی تشکیل ہے۔ الحمد للہ رحمت عالم کمیٹی مسلم نوجوانوں کو دین بیزارگی، بے حیائی اور بدکاری کے عذابات سے مسلسل آگاہ کرتے ہوئے ان کی اصلاح و تربیت میں مصروف ہے۔سید لئیق قادری، محمد عبدالکریم رضوی، ملک محمد ابراہیم علی خاں خالد، محمد عبید اللہ سعدی قادری شرفی، محمد عمران، محمد عمر، سید عثمان قادری، سید عمران، حافظ شیخ حسین قادری، ملتانی، سید طاہر حسین قادری ملتانی، سید طاہر حسین قادری و اراکین نے شرکت کی۔ آخر میں دعا صلوۃ و سلام پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔