رمضان، ہمدردی و غم خواری کا مہینہ

اُردو ہائی اسکول کاغذ نگر میں جلسہ، مولانا مبین احمد کا خطاب
کاغذ نگر 29 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاغذ نگر کے انور اُردو ہائی اسکول میں مدرسہ ہذا کے اساتذہ کے زیراہتمام ’’استقبال رمضان‘‘ پروگرام کا بصدارت جناب محمد عارف الدین صدر مدرس انعقاد عمل میں آیا۔ جناب مقبول حسین ریٹائرڈ میونسپل کمشنر و نائب صدر وقف کمیٹی ضلع عادل آباد مہمان خصوصی تھے۔ پروگرام کا آغاز طالب علم منورالدین حافظ کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ طالب علم و حافظ سلطان بن سعید نے حمد باری تعالیٰ پڑھی۔ مدرسہ ہذا کے طلباء و طالبات رمشہ فاطمہ، سروش خان، رحمت النساء، نصرت النساء، اکبر بیگ، ثناء نشاط، ثمرین بیگم، رحمت النساء اور سعدیہ بیگم نے نعت پاک پڑھی۔ حافظ و مولانا مبین احمد نے جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ حضور ﷺ نے فرمایا رمضان کا مہینہ نہایت ہی مبارک مہینہ ہے اور قسمت والوں کو ہی یہ مہینہ نصیب ہوتا ہے۔ یہ مبارک مہینہ صبر کا مہینہ کہلاتا ہے۔ روزہ رہ کر بھوکے کی بھوک اور پیاسے کی پیاس کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ رمضان کا مہینہ ایک دوسرے کے ساتھ ہمدردی سے پیش آنے کا پیغام دیتا ہے۔ اُنھوں نے طلباء و طالبات کو مشورہ دیا کہ روزہ اور نماز کے ساتھ ساتھ تلاوت قرآن اور تراویح کو ترجیح دیں اور ماہ رمضان میں مساجد میں بھی جائیں تو اپنے اخلاق کا مظاہرہ کریں۔ ادب و احترام سے نماز ادا کریں۔ اپنے اساتذہ اور ماں باپ کا نام روشن کریں۔ حافظ اکبر محی الدین اکبر چنوری نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ رمضان نہایت ہی رحمتوں اور برکتوں والا مہینہ ہے۔ رمضان کا استقبال نہایت ہی جوش و خروش کے ساتھ کرنا چاہئے۔ گھر کو سجانا چاہئے اور خوشبوؤں کا اہتمام کرنا چاہئے۔ جن کے دل میں خوف خدا ہوتا ہے وہ رمضان کا پرتپاک استقبال کرتے ہیں۔ عبادتوں اور ریاضتوں میں مصروف رہتے ہیں۔ اس ماہ میں غیبت، چغلی اور بُرائی سے پرہیز کرنا ضروری ہے۔ ماہ رمضان ایک تربیتی مہینہ ہے۔ بخشش اور نجات کا ذریعہ اس ماہ کو بنانا چاہئے۔ گناہوں سے توبہ کرنا چاہئے۔ جناب بشیر احمد خان مدرس نے جلسہ کی کارروائی چلائی۔ اُنھوں نے کہاکہ انور اُردو ہائی اسکول کی ہمیشہ ہی روایت رہی ہے کہ ہر سال ایک یا دو حفاظ زیرتعلیم رہتے ہیں۔ انھیں کے شکریہ پر جلسہ اختتام پذیر ہوا۔