رمضان، اللہ اور رسولؐ کے قربِ کا ذریعہ

نلدرگ/ عثمان آباد ۔ یکم جولائی (فیکس) رمضان شریف بڑی برکتوں اور انعامات والا مہینہ ہے۔ اس ماہ میں لمحہ لمحہ خدا کی رحمت کا نزول ہوتا ہے اور مغفرتوں کی سوغاتیں تقسیم کی جاتی ہیں۔ ایک طرف ہر تنگ دست کو فراخی عطا کی جاتی ہے تو دوسری طرف مالدار کو مزید نعمتوں سے نوام جاتا ہے ۔ ہر مغموم کو مسرور کیا جاتا ہے اور ہر مسرور خدا کی شکر گزاری کرتا نظر آتا ہے ۔ موسم اور بھوک کی تپش سے نڈھال بدن روح کو تقویت پہونچاتا رہتا ہے ۔ جب کمزور و لاغر بدن والا بندہ بارگاہ حق تعالیٰ میں جبہ سائی کرتا ہے تو حق تعالیٰ رحمت کے فرشتے اس بندے کو اپنی حفاظت میں لے لیتے ہیں۔ اس ماہ میں روزہ رہنے والے کا اٹھنا بیٹھنا سونا عبادت ہیں حتیٰ کہ اس کا سانس لینا بھی عبادت ہی میں شامل کردیا گیا ہے ۔ مولانا سید مدثر احمد قادری نقشبندی ملتانی خطیب مسجد آثارِ شریف کاروان حیدرآباد) نے جامع مسجد سہیل حاں نلدرگ ضلع عثمان آباد میں عشرہ رحمت سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ مولانا نے سلسلہ کلام کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ رمضان ال مبارک مسلمانوں کیلئے بڑی نعمت والا اور غ یروں کیلئے امن کا اور درس انسانیت دینے والا مہینہ ہے ۔ اگرچہ کہ یہ ماہ اشہر حرم سے نہیں لیکن نزول قرآن ، روزوں کی فرضیت سے جو اس کی نسبت ہے ، اس لحاظ سے اس ماہ کو تقدس کی نگاہوں سے دیکھا جاتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ماہ کو محض کھانے ، پینے کا ماہ نہ سمجھیں۔ یہ ماہ خدا و رسول کے قرب کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے ۔ اس ماہ کے چھوٹے چھوٹے عمل پر وہ ثواب دیا جارہا ہے کہ اگر ہم برسوں بھی عبادت کریں اس ماہ کے ایک عمل کے ثواب کو نہیں پاسکتے۔ کلمہ طیبہ ، استغفار و درود شریف چلتے پھرتے اٹھتے بیٹھتے پڑھتے رہیں۔ نفل عبادتوں کا فرض عبادت کی طرح اہتمام کریں کیونکہ اس ماہ میں کئے جانے والی نفسل عبادات کا ثواب دیگر ماہ کے فرص عبادتوں کے ثواب کے برابر کردیا جاتا ہے ۔ مولانا نعمت اللہ قادری نقشبندی ، مولانا حافظ و قاری سید کوثر پاشاہ ، مولانا سید فرقان علی و دیگر نے مہمانوں کا استقبال کیا ۔ مولانا محمد عبدالحی شاہ آبادی نے دعا کی ۔