رقاصہ ملیکا سارا بھائی کی عام آدمی پارٹی میں شمولیت

احمد آباد ۔ 8 ۔ جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) معروف سابق اداکارہ ، رقاصہ اور سماجی کارکن ملیکا سارا بھائی آج عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گی ۔ ان کے قریبی ذرائع نے آج یہ بات بتائی ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملیکا سارا بھائی عام آدمی پارٹی کے دفتر پہنچ کر ضابطہ کی کارروائی مکمل کریں گی ۔ ذرائع نے بتایا کہ وہ سیاستدان کی حیثیت سے پارٹی میں شامل نہیں ہورہی ہیں بلکہ ایک عام شہری کے ناطے شامل ہورہی ہیں ۔

یاد رہے کہ 2009 ء میں ملیکا سارا بھائی نے بی جے پی امیدوار ایل کے اڈوانی کے خلاف گاندھی نگر حلقہ انتخاب سے بحیثیت آزاد امیدوار انتخابات لڑے تھے لیکن انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ ملیکا سارا بھائی سماج کے محروم طبقات اور 2002 ء کے گجرات مسلم کش فسادات کے متاثرین کیلئے مسلسل اپنی خدمات انجام دے رہی ہیں ۔ یاد رہے کہ عام آدمی پارٹی نے حالیہ دنوں میں دہلی الیکشن میں زبردست کامیابی حاصل کرتے ہوئے 28 نشستوں پر قبضہ کرلیا اور اس طرح 15 سال سے دہلی پر حکومت کرنے والی کانگریس کو دھول چٹادی ۔ ملیکا سارا بھائی نے 70 ء کے اواخر میں فلم ’’ ہمالیہ سے اونچا ‘‘ میں ہیروئین کا کردار ادا کیا تھا جس میں آنجہانی سنیل دت ان کے ہیرو تھے ۔