رشتہ ازدواج کی اسلام میں بڑی اہمیت، بے جا رسومات سے اجتناب کا مشورہ

سیاست و ایم ڈی ایف کا دوبہ دو پروگرام، مولانا محمد عبدالملک مظاہری کا خطاب
حیدرآباد ۔ 30 نومبر (دکن نیوز) مولانا محمد عبدالملک مظاہری خطیب مسجد فردوس (وجئے نگر کالونی) نے اتوار کو رائیل ریجنسی گارڈن آصف نگر میں سیاست و ایم ڈی ایف کے دوبہ دو ملاقات پروگرام سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کسی قوم کے زوال کی علامت یہ ہوتی ہے کہ اس میں بہت ساری خرابیاں پیدا ہوجاتی ہیں۔ اسی طرح آج امت میں کئی ایسی خرابیاں جنم لے چکی ہیں جس کا سدباب بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے شادی بیاہ کے موقع پر جو بے جا رسومات شادی سے قبل اور بعد میں بھی پیدا ہوچکی ہیں اس کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ حضرت حوا کی اس بیٹی کو جس آن و شان کے ساتھ دنیا میں بھیجا گیا آج اس بیٹی کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے۔ رشتہ ازدواج کی اسلام میں بڑی اہمیت بتائی گئی ہے اور حضرت آدم علیہ السلام سے لے کر اس کی اہمیت و افادیت تا قیامت بنی رہے گی۔ انہوں نے دو بہ دو ملاقات پروگرام کے ضمن میں ہونے والے رشتوں اور شادی کو آسان بنانے کی اس کوشش کا خیرمقدم کرتے ہوئے جناب زاہد علی خان، جناب ظہیرالدین علی خان اور جناب عامر علی خان اور ایم ڈی ایف کے اسٹاف کو مبارکباد بھی پیش کی۔ اس موقع پر ایم اے قدیر، خدیجہ سلطانہ، افسری بیگم، آمنہ فاطمہ و دیگر موجود تھے۔ عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف کو بھی پروگرام کے اختتام پر مبارکباد دیتے ہوئے والدین و سرپرست دکھائی دیئے۔