رسول کریم ﷺ کی محبت، عین ایمان

حیدرآباد ۔ 18 جنوری (راست) حضرت انس ؓ نے کہا کہ سرکاردوعالم ﷺ نے فرمایا کہ کوئی شخص اس وقت تک مؤمن نہیں ہوسکتا جب تک کہ میں اس کے ماں باپ، بیٹے اور تمام لوگوں سے زیادہ محبوب نہ ہوجاؤں (بخاری و مسلم) حضرت شیخ محقق شاہ عبدالحق محدث دہلوی ؒ نے اس حدیث شریف کی تشریح کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ مومن کامل کے ایمان کی نشانی یہ ہیکہ مومن کے نزدیک رسول اللہ ﷺ تمام چیزوں اور تمام لوگوں سے زیادہ محبوب و معظم ہوں۔ اس حدیث شریف میں حضوراقدس ﷺ کے زیادہ محبوب ہونے کا مطلب یہ ہیکہ حقوق کی ادائیگی میں آپ کو اونچا مانے۔ اس طرح حضور ﷺ کے لائے ہوئے دین کو تسلیم کرے۔ آپ کی سنتوں کی پیروی اور آپ کا ادب بجا لائے۔ اپنی ذات، اولاد، ماں باپ، عزیز و اقارب اور مال و اسباب پر حضوراکرم ﷺ کی رضاوخوشی کو مقدم رکھے۔ ذات رسالت سے ایسی محبت ہی عین ایمان ہے۔ ان خیالات کا اظہار خطیب اہلسنت و جماعت مولانا محمد مبشراحمد رضوی القادری نے جامع مسجد سعیدیہ (ایکمینار) حکیم پیٹ ٹولی چوکی اور جامع مسجد قطب شاہی اندرون ملٹری ایریا فرسٹ لانسرز کے اجتماعات کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا محمد مبشراحمد رضوی نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ صحابہ کرام نے اس حدیث پر مکمل عمل آوری کرتے ہوئے اپنے سینوں کو محبت رسول ﷺ کا خزینہ بنایا ہے۔

جنگ احد کے موقع پر شیطان نے یہ خبر عام کردی کہ رسول اللہ ﷺ شہید ہوگئے ہیں۔ یہ المناک خبر جب مدینہ منورہ پہنچی تو وہاں صحابہ کرام اور شمع محمدی کے پروانوں اور پردہ نشین خواتین اسلام کے دل و دماغ صدمات غم سے نڈھال ہوگئے اور قبیلہ بنی دینار کی ایک خاتون جذبات سے مغلوب ہوکر اپنے گھر سے نکل پڑی اور میدان جنگ کی طرف چل پڑی۔ راستے میں اس کو اپنے باپ اور بھائی اور شوہر کی شہادت کی خبر ملی مگر اس نے کسی کی پرواہ نہ کی اور لوگوں سے یہی پوچھتی رہی کہ مجھے بتاؤ کہ رسول اللہ ﷺ کیسے ہیں۔ جب بتایا گیا کہ الحمدللہ آپ ﷺ ہر طرح بخیروعافیت ہیں اس کے باوجود اس ضعیفہ کو تسلی نہیں ہوئی اور کہنے لگی کہ تم لوگ مجھے میرے مصطفی ﷺ کا دیدار کرادو۔ جب لوگوں نے خدمتِ نبوی ﷺ میں اس خاتون کو پہنچا دیا تو اس نے چہرہ زیبائے رسول ﷺ کی زیارت کی تو اس کی زبان سے بے اختیار یہ جملہ نکلا کر آپ کے ہوتے ہوئے ہر مصیبت ہیچ ہے۔ آخر میں مولانا محمد مبشراحمد رضوی نے کہا کہ نبی کی شان میں گستاخی و بے ادبی یا ان کیلئے کوئی عیب ثابت کرنا ’’کفر‘‘ ہے۔ دعا ہیکہ مولائے عزوجل، ایمان والوں کو محبت رسول عطا فرمائے اور گستاخی سے محفوظ رکھے۔