رسول اکرم ؐ کی غلامی، اللہ تک پہنچنے کا راستہ

ونستھلی پورم میں دینی، دعوتی و تربیتی اجتماع سے علمائے کرام کی مخاطبت

حیدرآباد۔ 29 ڈسمبر (ای۔میل) اللہ کی ذات پوری کائنات میں منفرد، یکتا ہے جس نے اپنے در پہ سوالی بن کر آنے والوں کو مانگنے کا سلیقہ بھی خود سکھا دیا تاکہ محرومی کے امکانات باقی نہ رہیں۔ وہ مختار کل ہے، توحید صراط مستقیم ہے اور شرک ہلاکت ہے۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز عالم دین، عارف باللہ مولانا عبداللطیف افسر رشادی امام و خطیب مسجد افسر ونستھلی پورم حیدرآباد نے سالانہ دعوتی و تربیتی اجتماع سے کیا۔ مولانا نے مزید کہا کہ آج ہر انسان پریشانیوں میں گھرا ہوا ہے۔ اس کا سبب اللہ کی بندگی سے دوری ہے۔ اس کا حل یہ ہے کہ انسان اپنے رب کی عبادت کرے، اس میں دارین کی سعادت مندی ہے۔ اللہ تک پہونچنے کا راستہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی غلامی و اتباع میں ہے۔ مفتی عبداللہ حامد رشادی قاسمی ناظم جامعہ تعلیم البنات محبوب نگر نے کہا کہ انبیاء میں سب سے زیادہ اللہ نے اپنے محبوب کو بے پناہ خصوصیات سے نوازا۔ ان سے سچی محبت، عظمت اور اتباع ضروری ہے۔   مولانا محمد امین خاں چترویدی (بھاگلپور) نے کہا کہ ناموس رسالت ؐکا تحفظ ہر مسلمان کا اولین دینی فریضہ ہے ، اس سے تساہلی کرنے والا محب رسولؐ کہلائے جانے کا قطعی حق نہیں رکھتا۔ مولانا عبدالجبار قاسمی (گدوال) نے کہا کہ جس نے اللہ اور اس کے رسولؐ کی اطاعت کا حق ادا کیا، پوری کائنات پر چھاگئے۔ مفتی عبدالرحمن رشادی نے کہا کہ مولانا عبداللطیف سچے محب رسول اور زندہ ولی ہیں۔ مفتی مختار الحسن قاسمی نے کہا کہ بزرگان دین و اولیائے کرام سے یوں محبت کیجئے کہ ان کی وہ تعلیمات جو قرآن و سنت کے مطابق ہیں ان پر عمل کیا جائے۔ مفتی ممتاز نے مولانا عبداللطیف رشادی کو بھرپور خراج پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ صاحب علم و فضل ، حامل دین و شریعت ہیں۔ اس جلسہ کو مفتی منظور احمد قاسمی، مولانا عبدالبصیر رشادی (نلگنڈہ) ، مولانا نعیم کوثر رشادی ، مولانا طاہر قاسمی، مولانا عبدالرحمن ندوی، مولانا محمد ظہیراللہ خاں (محبوب نگر) کے علاوہ سیاسی قائدین میں این کے ریڈی ٹی آر ایس لیڈر، رام موہن گوڑ، ونستھلی پورم، ہن من شیند ایم ایل اے، چپکل ضلع نظام آباد، ستی رام چندرا ریڈی، ممبر آف فوڈ کارپوریشن ، جناب محمد علی شبیر (کانگریس)، جناب چنا ریڈی ایم ایل اے (ونپرتی)، ضلع محبوب نگر نے بھی مخاطب کیا۔ اس موقع پر وکٹوریہ ہائی اسکول سرور نگر کے یتیم و غریب طلباء و طالبات میں مولانا عبداللطیف رشادی کے ہاتھوں میوہ اور نوٹ بُکس تقسیم کی گئیں۔ دو روزہ جلسہ کی ابتدائی کارروائی محمد ادریس محبوب نگر کی قرأت کلام پاک سے ہوئی۔ اس اجتماع میں نعتیہ پروگرام کی ایک مختصر نشست رکھی گئی تھی۔ ممتاز شعراء میں مولانا نعیم کوثر، حافظ انہرؔ سعودی بنگلور اور دیگر نے اپنا نعتیہ کلام پیش کرکے سامعین سے داد تحسین حاصل کی۔ حافظ عبدالرحمن چاند نے اجتماع کی کارروائی چلائی اور مولانا عبداللطیف رشادی کی دعا پر اجتماع اختتام کو پہونچا۔ شرکائے جلسہ میں مسلم و غیرمسلم مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔