رسول اکرمؐ سے سچی محبت کامل ایمان کی علامت

جامع مسجد ایر فورس میں اجتماع، مولانا محمد ذکی الدین راہی حسامی کا خطاب
حیدرآباد۔/26نومبر، ( راست ) ایمان کامل کیلئے اللہ کی ذات و صفات میں کسی کو شریک نہ ٹھہرانا اور نبی اکرمؐ کو خاتم النبین ماننا لازمی و ضروری ہے، حضوراکرم ؐ کا نام احمد اور محمد خود اس بات کو بتارہا ہے کہ آپؐ خاتم الانبیاء ہیں۔ قرآن و حدیث میں آپؐ کے خاتم الانبیاء ہونے کے بہت سے دلائل ہیں۔کمال کی بات یہ ہے کہ کم و بیش ایک لاکھ چوبیس ہزار پیغمبر علیہم السلام ہوئے مگر کسی کا نام نہ احمد تھا نہ محمدؐ تھا۔ ان خیالات کا اظہار مولانا حافظ محمد ذکی الدین راہی حسامی سیوا نگری نے جامع مسجد ایر فورس گوتم نگر بالا نگر میں منعقدہ مسلمانوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا نے کہا کہ ایک حدیث میں حضور اکرمؐ نے فرمایا میں اللہ کا آخری رسول ہوں، تم آخری امت ہو، محمدؐ سے محبت حقیقی کامل ایمان کی علامت ہے ۔ آپؐ کا نام نامی بھی باطہارت ، باوضو لیا جائے۔ کثرت سے درود پڑھنے کا اہتمام کیا جائے۔ منہ کو بھی صاف رکھ کر ہمیشہ درود پڑھنے کی تلقین کی اور اپنے عقائد کو درست کرنے اور دوسروں کو بھی عقائد صحیح رکھنے پر توجہ دینا لازمی قرار دیا۔ مولانا راہی نے عقائد صحیحہ پر جمے رہنے کیلئے نبیؐ کی سنتوں پر عمل کرنے اور ختم نبوت کی حفاظت کرنے میں اپنا وقت اور اپنا مال خرچ کرنے کو سعادت سمجھنے پر زور دیا۔