رسول اللہ ؐ کی شفقت و عنایات سے مالا مال حضرت عبید اللہ بن عباسؓ

کی سخاوت ضرب المثل، ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی کا لکچر
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سارے عالموں کے لئے رحمت بن کر رونق افروز ہیں۔حضورؐ کا لطف و کرم سب پر ہے بچوں پر عنایات بے پایاں اور بے پناہ شفقت آپ کی رحمت کا خاصہ ہے۔اپنے چہیتے نواسوں کی طرح تمام بچے سرکار دو عالمؐ کو پیارے تھے آپ کی محبت و عنایت خاص سے مالا مال ہونے والے خوش نصیبوں میں حضرت عبید اللہ بن عباسؓ کا اسم مبارک بھی نمایاں طور پر ملتا ہے جو آپ کے چچا زاد بھائی تھے لیکن عمر میں بہت چھوٹے تھے۔ ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے یکشنبہ 17 مئی کو صبح 9 بجے ’’ایوان تاج العرفاء حمیدآباد‘‘ واقع شرفی چمن ،سبزی منڈی میں اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا (آئی ہرک) کے زیر اہتمام منعقدہ 1147 ویں تاریخ اسلام اجلاس میں احوال انبیاء علیھم السلام کے تحت حضرت سلیمان علیہ السلام کے مقدس حالات اور ایک مہاجر ایک انصاری سلسلہ کے ضمن میں صحابی رسولؐ مقبول حضرت عبید اللہ ابن عباسؓ کے احوال شریف پر مبنی توسیعی لکچر دیا۔ قرا ء ت کلام پاک، حمد باری تعالیٰ،نعت شہنشاہ کونین ؐ سے اجلاس کا آغاز ہوا۔ جناب سید محمد علی موسیٰ رضا قادری حمیدی نے خیر مقدمی خطاب کیا۔ ایک آیت جلیلہ کا تفسیری ، ایک حدیث شریف کا تشریحی اور ایک فقہی مسئلہ کا توضیحی مطالعاتی مواد پیش کیا گیا۔ڈاکٹر حمیدالدین شرفی نے سلسلہ بیان کوجاری رکھتے ہوے بتایا کہ حضرت عبید اللہؓ بڑے متقی، پرہیزگار، اعلی صفات کے حامل بزرگ اور نہایت سخی تھے ان کی سخاوت ضرب المثل تھی۔ حضرت عبید اللہؓ جب اپنے بڑے بھائی حضرت عبد اللہ ابن عباسؓ کے ساتھ مدینہ منورہ جایا کرتے تو تمام اہل مدینہ اعتراف کرتے کہ ہم سب سے عبد اللہؓ کا علم اور عبید اللہؓ کی سخاوت زیادہ ہے۔ حضرت عبید اللہؓ نے طویل عمر پائی سنہ وفات 58 ھ مشہور ہے۔ اجلاس کے اختتام سے قبل بارگاہ رسالتؐ میں سلام تاج العرفاءؒ پیش کیا گیا ذکر جہری اور دعاے سلامتی پر آئی ہرک کا 1147 واں تاریخ اسلام اجلاس تکمیل پذیر ہوا۔الحاج محمد یوسف حمیدی نے ابتداء میں تعارفی کلمات کہے اور آخر میں جناب مظہر اکرام حمیدی نے شکریہ ادا کیا۔