رسول اللہ ؐکی جلوہ گری کائنات پر ارحم الراحمین کی رحمت خاص

آئی ہرک کا جشن میلاد النبی ؐ،ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی،پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی اور دیگر حضرات کے خطابات
حیدرآباد ۔27؍نومبر( پریس نوٹ) رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم باعث تخلیق کائنات ہیں حضوراکرم ؐ کی میلاد مبارک تمام آدمیت پر بالخصوص اہل ایمان پر اللہ تعالیٰ کا احسان عظیم اور اس کی عطا کردہ نعمتوں میں سب سے بڑی نعمت ہے۔ حضور اکرم محمد مصطفی ؐ تمام انسانوں کی ہدایت کے لئے رسول اور سارے جہانوں کے لئے رحمت بن کر اس جہان رنگ و بو میں رونق افروز ہوے ہیں اور حضورؐ کے سر مبارک پر اللہ تعالیٰ خاتم النبیینی کا تاج رکھا اور اپنا آخری پیام حق قرآن مجید نازل فرما کر آسمانی ہدایات کے سلسلہ کو مختتم کردیا حضور انور محمدؐ مصطفی خاتم النبیین ہیں اوراب صبح قیامت تک نہ کوئی نبی آے گا اور نہ وحی کا نزول ہوگا۔رسول ؐرحمت کے وجود با برکت سے خسف اور مسخ کے عذاب موقوف ہو گئے۔ حضور انورؐ کی حیات مبارکہ حق و صداقت، یقین و توکل، خیر و فلاح اور تعلیم و ہدایت سے عبارت اور بلا لحاظ رنگ و نسل، قوم و قبیلہ ، ملک و وطن، علاقہ و زبان، تہذیب و معاشرت، زمان و مکان سبھی کے لئے رہنما اور نمونہ عمل ہے رسول اللہ ؐ کی عظمت و رفعت، شان و بزرگی اور مقام و مرتبہ کا احاطہ کرنا اور ان کی حقیقتوں کو پوری طرح سمجھنا اور بیان کرنا انسانی بس سے باہر ہے اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب ؐ کو معجزہ عظمیٰ قرآن مجید اور معراج کی منزلت سے سرفراز کیا۔ حضور اقدسؐ کی تعلیمات مبارکہ کا سرنامہ توحید ہے۔ اللہ وحدہ لاشریک معبود حقیقی کی عبادت اور اطاعت، حقوق کی ادائیگی، فرائض کی تکمیل، عمدہ معاملات، اعلیٰ اخلاق، صداقت و امانت داری، نیکی و بھلائی اور احترام آدمیت رسولؐ اللہ کی روشن و منور تعلیمات ہیں۔ ان خیالات کا مجموعی طور پر اظہار کرتے ہوے سادات محترم، مشائخ عظام، علمائے کرام، دانشوران گرامی اور ریسرچ اسکالرس نے آج اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل (انڈیا)آئی ہرک کے زیر اہتمام منعقدہ 28ویں سالانہ جشن میلاد رحمۃ للعلمین ؐ کے موقع پر جامع مسجد محبوب شاہی مالاکنٹہ معظم جاہی مارکٹ میں عاشقان رسالت مآب ؐ کے کثیر اجتماع سے خطاب کیا ۔ڈاکٹر سید محمد حمید الدین قادری شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے نگرانی کے فرائض انجام دئیے۔ صبح دس بجے قرآء ت کلام پاک سے جشن میلاد کا آغاز ہوا۔ نعت شہنشاہ کونین ؐ اور قصیدہ بردہ شریف پیش کیا گیا۔پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی جائنٹ ڈائریکٹر آئی ہرک نے خطبہ استقبالیہ دیا ۔ کمسن مقررین صاحبزادہ سید محمد علی زین العابدین حمیدی، صاحبزادہ سید محمد علی باقر حمیدی، صاحبزادہ سید محمد علی موسیٰ کاظم حمیدی اور صاحبزادہ سید محمد علی جعفر صادق حمیدی نے بہ زبان انگریزی اپنی تقاریر پیش کیں۔ حافظ سید شاہ مرتضیٰ علی صوفی حیدر پاشاہ قادری، مولانا سید شاہ محمد عبدالمعز قادری شرفی، مولانا سید شاہ محمد کاظم الدین شرفی، مفتی سید محمد سیف الدین حاکم اور صاحبزادہ سید محمد علی موسیٰ رضا حمیدی نے بھی مخاطب کیا۔ سب سے آخر میں نگران جشن ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے سامعین سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب رحمۃ للعلمینؐ کے سر پر رحمت کا تاج رکھ کر اپنی تمام مخلوقات کو حضورؐ سے وابستہ فرما دیا۔ رسول اللہ ؐ وجہ رحمت بھی ہیں اور سرتا سر رحمت بھی۔ سرکار دو عالمؐ نے شرک و کفر کے اندہیروں میں گھرے ہوے انسانوں کو ایمان و اسلام کے انوار سے مالا مال کر کے فخر زمانہ بنا دیا مساوات ، عدل، خیر، اخلاق، ددرمندی اور نیکی و بھلائی کی عملی تعلیم کے ذریعہ امن و سلامتی کو دائماً قائم فرما دیا۔ ماں باپ کے ساتھ حسن سلوک و نیز صلہ رحمی، پڑوسیوں ، احباب،اقرباء بلکہ جملہ انسانیت کے حقوق کی ادائی کا درس دیا۔ انھوں نے کہا کہ آقاے دو جہاںؐ نے اپنی تعلیمات کا خود عملی نمونہ پیش فرما کر ساری دنیا بالخصوص اہل ایمان کے لئے عمل صالح کی انجام دہی کو ممکن اور آسان بنا دیا۔ رسول اللہؐ سے محبت اور سچی وابستگی ہی میں ایک مومن کے لئے عزت اور دارین کی بھلائی اور نجات مضمر ہے۔ رسول رحمت ؐ کے پیام حق کو دوسروں تک پہنچانا امت مسلمہ کا اہم منصب ہے۔