رسول اللہؐ کی توجہات خاص سے بہرہ مند ہستیوں میں حضرت عطیہ بن عروہ ئسعدی بھی شامل

آئی ہرک کا تاریخ اسلام اجلاس۔ ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی اور پروفیسر سید محمدحسیب الدین حمیدی کے لیکچرس
حیدرآباد ۔3 اگسٹ( پریس نوٹ) رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے صحابہ کرام ایمان، حق پسندی، صداقت، اخلاق حمیدہ، شرافت نفس، رحم و مروت اور جذبہ اخوت کے حامل اور پیکر صدق و صفا تھے۔ ہر ایک اپنی جگہ یقین و توکل، اخلاص عمل کا بے نظیر نمونہ تھا کیوں کہ رسول اللہؐ سے انھوں نے کتاب و حکمت کے انوار بلاواسطہ پاے تھے اور ان کے نفوس کا تصفیہ اور قلوب کا تزکیہ خود حضور انورؐ نے اپنے فیض بخش ارشادات اور نگاہ کرم سے فرمایا تھا۔ صحابہ کرام اجتماعی طور پر اور انفرادی حیثیت سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ہر دو جگہوں پر سرکار دو عالمؐ کی صحبت با برکت سے تربیت روحانی اور باطنی جلاء پایا کرتے رسول اللہؐ کی توجہات خاص اور تربیت حقانی سے بہرہ مند ہستیوں میں حضرت عطیہؓ بن عروہ کا اسم گرامی بھی ملتا ہے جن کو وقتاً فوقتا ً ہدایات و ارشادات سے نوازا گیا۔ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے آج صبح ۹ بجے ’’ایوان تاج العرفاء حمیدآباد‘‘ واقع شرفی چمن ،سبزی منڈی اور دو بجے دن جامع مسجد محبوب شاہی، مالاکنٹہ روڈ،روبرو معظم جاہی مارکٹ میں اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا (آئی ہرک) کے زیر اہتمام منعقدہ ’۱۱۰۶‘ویں تاریخ اسلام اجلاس کے علی الترتیب پہلے سیشن میں احوال انبیاء علیھم السلام کے تحت حضرت حضرت الیاس علیہ السلام کے مقدس حالات اوردوسرے سیشن میں ایک مہاجر ایک انصاری سلسلہ کے ضمن میں حضرت عطیہ بن عروہ سعدیؓ کے احوال شریف پر مبنی توسیعی لکچر دئیے۔ قرا ء ت کلام پاک، حمد باری تعالیٰ،نعت شہنشاہ کونین ؐ سے دونوں سیشنس کا آغاز ہوا۔اہل علم حضرات اور باذوق سامعین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ڈاکٹر سید محمد رضی الدین حسان حمیدی معاون ڈائریکٹر آئی ہرک نے خیر مقدمی خطاب کیا۔ مولانا مفتی سید محمد سیف الدین حاکم حمیدی کامل نظامیہ و معاون ڈائریکٹر آئی ہرک نے ایک آیت جلیلہ کا تفسیری مطالعاتی مواد پیش کیا۔پروفیسرسید محمد حسیب الدین حمیدی جائنٹ ڈائریکٹر آئی ہرک نے ایک حدیث شریف کا تشریحی اور ایک فقہی مسئلہ کا توضیحی مطالعاتی مواد پیش کیا ۔ڈاکٹر حمید الدین شرفی نے بتایا کہ حضرت عطیہؓ بن عروہ ، سعدی ہیں۔ ان کا تعلق خاندان سعد بن بکر سے تھا حضرت عطیہؓ سے ان کی اولاد نے روایت کی ہے حضرت عطیہؓ کے پوتے عروہ بن محمد بن عطیہ تھے جنھوں نے ابو حمزہ خارجی اور ایک یمن میں رہنے والے کو کیفر کردار تک پہنچایاتھا۔ انھوں نے ہی اپنے دادا سے ایک روایت نقل کی ہے۔ حضرت عطیہ بن عروہؓ کہتے تھے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے کہ غصہ شیطان سے ہے اور شیطان آگ سے ہے اور آگ کسی چیز سے ٹھنڈی نہیں ہوتی لیکن پانی سے سرد ہو جاتی ہے لہذا جب تم کو غصہ آے تو وضو کیا کرو۔