رحمان کے مہمان

مصنف : مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی ایم اے
تبصرہ نگار: عابد صدیقی
حج و عمرہ کے موضوع پر بہت ساری کتابیں منظر عام پر آچکی ہیں جو عازمین حج و عمرہ کے لیے انتہائی کارآمد اور رہنمائی کا باعث رہی ہیں، بعض اکابر نے سفرنامے بھی قلم بند کیے ہیں، جن کا مقصد مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے تاریخی پس منطر کے ساتھ ساتھ حج کے دوران درپیش حالات، تجربات اور مشاہدات کو پیش کرنا ہے۔ دیگر سفرناموں میں اور حج و عمرہ کے سفرنامے میں بہت بنیادی فرق یہ ہے کہ حرمین کا مسافر اپنے سفرنامہ میں اپنے قلبی کیفیات، عقیدت، محبت و نسبت کے احساسات و جذبات کو الفاظ کے ذریعہ پیش کرتا ہے۔ ہر سفرنامہ اپنا ایک الگ اسلوب بیان اور طرز اظہار کا حامل ہے۔ مولانا عبدالماجد دریابادی، مولانا سید محمد رابع ندوی، مولانا ابوالحسن ندوی اور لبیک کے مصنف ممتاز مفتی نے اپنی اپنی تصانیف میں ایک منفرد اسلوب کو اختیار کیا ہے جس سے قاری متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا۔
مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی ایم اے کا سفرنامہ ’’رحمان کے مہمان‘‘ عاشق حرمین کا سفرنامہ ہے جس میں انہوں نے لفظوں کی بازی گری اور مسجع عبارتوں اور جملوں سے گریز کرتے ہوئے نہایت آسان زبان اور دل نشین پیرایہ بیان اختیار کیا ہے۔ عام طور پر اس موضوع پر تحریر کردہ کتابوں میں فرائض و واجبات و ارکان کی افہام و تفہیم کی جاتی ہے۔ لیکن مولانا آصف ندوی نے اپنے اس سفرنامہ میں ابتداء سے انتہاء تک کے واقعات و تجربات اور مشاہدات کو نہایت بے باکی اور حق گوئی کے ساتھ پیش کیا ہے۔ اس سفرنامہ میں حکایتیں بھی ہیں اور شکایتیں بھی۔ حکایتیں ہم سفر حاجیوں کے ہیں اور کچھ انتظامی حکام سے ہیں ان کا مقصد اصلاح اور مستقبل میں ان کوتاہیوں سے اجتناب کرنا ہے۔ حاجیوں کو فراہم کردہ سہولتوں، آسائشوں اور سعودی حکومت کے انتظامات کی تعریف و ستائش کے ساتھ ساتھ حاجیوں کی مشکلات اور انکے وسائل کو بھی پر خلوص لب و لہجہ میں پیش کیا گیا ہے جس میں احتجاج سے زیادہ نصیحت اور ہدایت کا جذبہ کارفرما ہے، فیوض الرحمن کا ترجمہ انہوں نے رحمان کے مہمان کرکے عازمین حج کے اعزاز میں اضافہ کیا ہے۔ 168 صفحات پر مشتمل اس کتاب میں فاضل مصنف نے حج کے دوران پیش آنے والے واقعات کو نہایت عمدگی سے پیش کیا ہے اور حرمین شریفین کی حاضری کے قلبی تاثرات، ذہنی کیفیات کو اظہار کا پیراہن دے کر کتاب کی اہمیت اور افادیت میں اضافہ کیا ہے۔
مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی ڈائرکٹر انسٹی ٹیوٹ آف عربک، انگلش، و اردو اسٹیڈیز مہدی پٹنم کے علاوہ مدرسۃ الخیر قادر باغ کے ناظم اور لبیک ایجوکیشنل ویلفیر سوسائٹی کے بانی جنرل سکریٹری ہیں اور ملت اسلامیہ کی بے لوث خدمت کا بھرپور جذبہ رکھتے ہیں۔ ان کی اب تک دس سے زیادہ تصانیف منظر عام پر آچکی ہیں جن میں خاص طور پر ’’آسان سیرت النبیﷺ‘‘ اور ’’تربیت عازمین حج و عمرہ‘‘ تو ہندوستان بھر میں مقبول و معروف ہیں، اور ان کی ساری تصانیف کی علماء اور دینی حلقوں میں کافی پذیرائی ہوئی ہے۔ ’’رحمان کے مہمان‘‘ نہ صرف عازمین حج بلکہ علماء و طلبہ اور ریسرچ اسکالرز اسی طرح عام مسلمان قاری کے لیے بھی نہایت دلچسپ اور معلوماتی کتاب ہے جس کا ہدیہ صرف ایک سو روپئے ہے۔ جس کو دکن پبلیشرز چارمینا، ہدی بک ڈسٹری بیوٹر پرانی حویلی، مکتب کلیمیہ نامپلی، ہندوستان پیپر ایمپوریم مچھلی کمان چارمینار، زمزم بک ڈپو، عکاظ کتاب گھر ہمایوں نگر اور ناشر انسٹی ٹیوٹ آف عربک اسٹیڈیز مہدی پٹنم سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔ آخر میں میں اس خوبصورت اور دیدہ زیب اور معلومات آفرین کتاب پر مفتی آصف صاحب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ ان کا علمی اور دینی خدمت کا یہ سفر جاری رہے گا۔ اللہ تعالیٰ ان کی خدمت کو قبول کرے اور ان کے دینی و دنیاوی درجات کو بلندیاں عطا کرے۔ رابطہ نمبر 9849611686