رحمانی۔30 کے 137طلبہ جے ای ای امتحان میں کامیاب

پٹنہ، یکم مئی(سیاست ڈاٹ کام)ملک میں انجینئرنگ تعلیم کے باوقار اداروں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی ، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی وغیرہ میں داخلہ کے لئے سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای ) کی طرف سے منعقدہ جوائنٹ انٹرنس ایگزامنیشن (جے ای ای) کے کل اعلان شدہ نتائج کے مطابق رحمانی تھرٹی کے 137طلبہ بھی کامیاب ہوئے ہیں۔رحمانی تھرٹی کی طرف سے یہاں جاری ایک بیان کے مطابق اس ادارہ سے کوچنگ حاصل کرنے والے 183میں سے 137 طلبہ جے ای ای ایڈوانس کے لئے کامیاب ہوگئے ہیں۔ خیال رہے کہ اس سال ہندوستان بھر سے تقریباً گیارہ لاکھ طلبہ نے جے ای ای امتحان کے لئے رجسٹریشن کرایا تھا۔بیان کے مطابق اس سال رحمانی تھرٹی کے او بی سی کیٹگری کے دو طلبہ 36 ویں اور 65 ویں نمبر پر ہیں جبکہ یہی طلبہ جنرل رینک میں بالترتیب 430 اور 602 نمبر پر ہیں۔ان کے علاوہ جنرل کیٹگری میں 2690، 2742، 3271، 3276، 3779، 4902 رینک بھی طلبہ لے کر آئے ہیں۔رحمانی تھرٹی کو اسٹیٹ کی رینکنگ کا انتظار ہے اور امید ہے کہ اس کے بچے ٹاپ پانچ میں ضرور شامل ہوں گے ۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ رحمانی تھرٹی پٹنہ سنٹر کے سو فیصد بچے کامیاب ہوئے ہیں جبکہ رحمانی تھرٹی کے دوسرے سینٹر س کے 159 میں سے 114 طلبا کامیاب ہوئے ۔اسی امتحان میں، سال 2017 میں، رحمانی تھرٹی کے 144 میں سے 120 طلبا کامیاب رہے تھے جن میں سے 75 نے جے ای ای ایڈوانسڈ میں کامیابی حاصل کی تھی۔قابل ذکر ہے کہ امسال رحمانی پروگرام آف ایکسی لینس کے میڈیکل بیچ کے 18 بچوں نے انجینئرنگ کے اس متحان میں بھی حصہ لیا اور ان میں سے 12 کامیاب بھی ہوئے ہیں۔