ربر کمپنی میں آتشزدگی کا المناک واقعہ

شمس آباد 26 ڈسمبر (سیاست نیوز ) راجندر نگر کے علاقہ و شمس آباد آر جی آئی پولیس اسٹیشن حدود میں واقع گگن پہاڑ میں اکشتا ربر کمپنی پرائیویٹ لمیٹیڈ میں آج صبح آگ لگنے کا المناک واقعہ پیش آیا جس میں چار افراد زندہ جل گئے ۔ تفصیلات کے بموجب کمپنی میں گاڑیوں کے ٹیوبس کو ریسائیکلین کر کے ٹیوبس تیارکئے جاتے ہیں ۔ آج بھی کام جاری تھا کہ صبح 5 بجکر 40 منٹ پر کمپنی میں موجود رومس میں سے ایک روم میں دھواں آنے لگا دیگر ملازمین یہ دیکھ کر آگ کو بجھانے کی کوشش کی لیکن آگ کے شعلے اتنے تیز تھے کہ انہیں وہ بجھانے میں ناکام ہوگئے ۔ کمرے میں موجود چار افراد سندیپ کمار 22 سالہ ،نول یادو 40 سالہ ،جوگیندر چودھری 45 سالہ اور جئے کشن 45 سالہ متوطن بہار جل کر خاکستر ہوگئے ۔ کمروں کے اوپری حصہ سے دو پائپ لائن موجود ہے جن میں آئیل وغیرہ بائیلرس کے ذریعہ گذرتا ہے مسلسل آئیل گذرنے سے پائپ میں سوراخ ہوگئے تھے اور ان میں سے گرم آئیل لکیج ہورہا تھا آئیل الکٹرک وائیر پر گرا اور اس میں آگ لگی اور پائپ پھٹ گیا ۔ پائپ پھٹنے سے تمام آئیل ایک کمرے کے اوپر گرا اور ٹین شیڈ گل کر تمام آئیل محو خواب چاروں افراد پر گرا اور چاروں جلکر خاکستر ہوگئے ۔ فورا ً فائر انجن کو طلب کیا گیا ۔

چندولال بارہ دری سے فائر انجن آیا اور آگ پر قابو پایا گیا ۔ اطلاع ملتے ہی شمس آباد ڈی سی پی نارائنا،اے سی پی بدریشور ،آر جی آئی انسپکٹر درگا پرساد اور رورل انسپکٹر سرینواس اپنے عملہ کے ساتھ مقام پر پہنچ گئے ۔ اطراف و اکناف سے عوام کا ہجوم کمپنی میں جمع ہوتا گیا اور سبھی نے ملکر شدید احتجاج کرتے ہوئے کمپنی کو فورا بند کرنے کا مطالبہ کیااور غصہ میں کمپنی کے ورکرس اور مقامی افراد نے چند گاڑیوں کو نقصان پہنچایا اور توڑ پھوڑ کی ۔ پولیس نے عوام کو منتشر کردیا ۔ واقعہ کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور کئی افراد یہ منظر دیکھنے کمپنی کے باہر جمع ہوگئے ۔ راجندر نگر رکن اسمبلی ٹی پرکاش گوڑ اور پریم داس گوڑ کارپوریٹر نے مقام کا معائنہ کرتے ہوئے حکومت سے ایکس گریشیا دینے کا مطالبہ کیا ۔ سرینواس گوڑ راجندر نگر سرکل میونسپل کمشنر نے بھی معائنہ کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا اور کمپنی مالک کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ میں بھی کئی واقعات پیش آچکے ہیں لیکن کوئی بھی عہدیدار اس سلسلہ میں کارروائی نہیں کررہے ہیں ۔

انسپکٹر آف بائیلرس ،پولیوشن کنٹرول بورڈ اور فائر ڈپارٹمنٹ کو بھی کمپنیوں کا دورہ کرتے ہوئے مکمل جانچ کرنے کا مطالبہ کیا اور جہاں بھی ناقص انتظامات ہو ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اکشتا ربر کمپنی پرائیویٹ لمیٹیڈ کے مالک کیلاش اگروال نے کہا کہ انہیں بھی واقعہ کی اطلاع ملی تو تبھی وہ مقام پر پہنچے عوام کی شدید برہمی کو دیکھتے ہوئے انہیں پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ۔ مقامی افراد فی کس 15 لاکھ کا مطالبہ کیا ۔ مقامی افراد کے بموجب کیلاش اگروال نے فی کس دس لاکھ روپئے دینے کا اعلانکیا ۔ چاروں نعشوں کو مقام پر ہی پوسٹ مارٹم کیا گیا ۔ شمس آباد ڈی سی پی نارائنا نے کہا کہ واقعہ کی مکمل جانچ کی جارہی ہے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی کمپنی کے مالک کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔