ربادا کے یارکر پر پانڈیا کا چھکا،نیا موضوع

نئی دہلی ۔19 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ممبئی انڈینس کے آل راونڈر ہاردک پانڈیا آئی پی ایل میں شاندار مظاہرے کررہے ہیں۔ پانڈیا آخری وقت میں بیٹنگ کے لئے آتے ہیں اوراپنی زبردست شاٹ سے میچ کا رخ بدل ڈالتے ہیں۔ کچھ ایسا ہی کمال انہوں نے دہلی کیپٹلس کے خلاف میچ میں دکھایا۔ پانڈیا نے دہلی کیپٹلس کے خلاف 15 گیندوں میں 32 رنز کی تیزاننگز کھیلی۔ پانڈیا نے اپنی 15 گیندوں کی اننگز میں تین ہمالیائی چھکے لگائے، جس میں سے ایک چھکا نے سبھی کو خوش کردیا۔ ہاردک پانڈیا نے میچ کے آخری اوورمیں دھونی کی طرح ہیلی کاپٹرشاٹ کھیلا۔ پانڈیا کا یہ شاٹ اتنا غضب اورشاندارتھا کہ انہوں نے ربادا کی یارکرگیند پر71 میٹرکا چھکا لگا ڈالا، جس نے بھی یہ شارٹ دیکھا، وہ حیران رہ گیا۔ ربادا کی یہ گیند 145 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتارسے بھی تیزتھی لیکن پانڈیا کے شارٹ سلیکشن نے اس گیند کوباونڈری کے باہرپہنچا دیا۔ ہاردک پانڈیا نے اس سیزن میں ممبئی انڈینس کی طرف سے سب سے بہتر 43.60 کے اوسط سے 218 رن بنائے ہیں۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ بھی سب سے زیادہ 194.64 ہے۔ ہاردک پانڈیا کا یہ بہترین فارم ورلڈکپ 2019 سے قبل ہندوستانی ٹیم کے لئے ایک اچھی خبر ہے۔ واضح رہے کہ ممبئی انڈینس اوردہلی کیپٹلس کے درمیان کھیلے گئے میچ میں ممبئی انڈینس نے دہلی کو شکست دی ۔ انڈین پریمیئر لیگ کے12 ویں سیزن کے34 ویں میچ میں ممبئی انڈینس نے دہلی کیپٹلس کو 40 رنوں سے شکست دی تھی۔ ممبئی انڈینس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور دہلی کو 169 رنوں کا ہدف دیا، جس کے جواب میں دہلی کی ٹیم 9 وکٹ پر 128رن ہی بناسکی۔