ربادا کرئیر میں پہلی مرتبہ دنیا کے نمبر ایک بولر بن گئے

دبئی ۔31 مئی (سیاست ڈاٹ کام )چیمپیئنز ٹرافی سے قبل آئی سی سی نے نئی ونڈے درجہ بندی جاری کردی ہیں اور انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے نوجوان فاسٹ بولر کگیسو ربادا پہلی مرتبہ عالمی نمبر ایک بولر بن گئے ہیں۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چیمپیئنز ٹرافی سے قبل آئی سی سی ونڈے درجہ بندی جاری کردی ہے اوراس میں پاکستانی ٹیم بدستور آٹھویں مقام پر موجود ہے جبکہ انفرادی درجہ بندی میں بھی 20بہترین بیٹسمینوں میں صرف دو پاکستانی بیٹسمین ہی جبکہ بناسکے ہیں ان حالات کی وجہ سے اسکی ورلڈ کپ 2019 میں راست رسائی پر ہنوز سوالیہ نشان موجود ہے۔انگلینڈ کے خلاف سیریز خصوصاً آخری ونڈے میچ میں عمدہ بولنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کے ابھرتے ہوئے فاسٹ بولر کگیسو ربادا چار درجے ترقی کرتے ہوئے پہلی مرتبہ عالمی نمبر ایک بولر بن گئے ہیں۔انہوں نے دو اضافی نشانات کے ساتھ عمران طاہر سے عالمی نمبر ایک مقام چھینتے ہوئے انہیں دوسرے نمبر پر تنزلی پر مجبور کردیا۔عالمی نمبر ایک جنوبی افریقی ٹیم چیمپیئنز ٹرافی کیلئے پسندیدے قرار دی جا رہی ہے جہاں اے بی ڈی ویلیئرز عالمی نمبر ایک بیٹسمین ہیں جبکہ ان کے علاوہ کوئنٹن ڈی کوک، فاف ڈیو پلیسی اور ہاشم آملہ بھی دس بہترین بیٹسمینوں کی فہرست میں شامل ہیں۔چیمپیئنز ٹرافی میں عمدہ کارکردگی کی بدولت پاکستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے پاس اپنے مقامات کو بہتر بننے کا نادر موقع ہے اور اگر یہ ٹیمیں بڑی ٹیموں کو شکست دینے میں کامیاب ہوتی ہیں تو اپنے نشانات میں نمایاں بہتری لا سکتی ہیں۔