راہول گاندھی کی تائید میں دہلی میں زنجیری بھوک ہڑتال جاری

اتم کمار ریڈی، آر سی کنٹیا اور دیگر قائدین کا اظہار یگانگت
حیدرآباد۔یکم جون، ( سیاست نیوز) راہول گاندھی کی تائید میں عثمانیہ یونیورسٹی جے اے سی اور بیروزگار نوجوانوں کی جے اے سی کی جانب سے اے آئی سی سی ہیڈ کوارٹر کے روبرو آج دوسرے دن بھی زنجیری بھوک ہڑتال جاری رہی۔ تلنگانہ سے انچارج جنرل سکریٹری آر سی کنٹیا، صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے بھوک ہڑتالی کارکنوں سے ملاقات کرتے ہوئے اظہار یگانگت کیا۔ ان قائدین نے مشورہ دیا کہ نئی دہلی میں گرمی کی شدید لہر کو دیکھتے ہوئے صحت پر توجہ دیں۔ آر سی کنٹیا نے کہا کہ اے آئی سی سی کی صدارت پر برقرار رہنے سے متعلق درخواست کو راہول گاندھی تک پہنچا دیا گیا ہے لہذا انہوں نے بھوک ہڑتال ختم کرنے کا مشورہ دیا۔ بھوک ہڑتالی قائدین نے کہا کہ وہ اس معاملہ پر غور کریں گے۔ سدی پیٹ کے ضلع کانگریس صدر نرسا ریڈی نے دوسرے دن زنجیری بھوک ہڑتال میں حصہ لیا۔ ان کے ساتھ پردیش کانگریس کے سکریٹری این یادگیری، ساجد بیگ اور دوسروں نے اظہار یگانگت کیا۔ دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے قائدین بھی بھوک ہڑتالی کیمپ پہنچ کر اظہار یگانگت کررہے ہیں۔ راہول گاندھی پر ملک کے مختلف گوشوں سے دباؤ بڑھ رہا ہے کہ وہ استعفیٰ کے فیصلہ سے دستبرداری اختیار کرلیں۔