راہول گاندھی کا ایک روزہ دورہ پنجاب’صرف تفریح‘

نئی دہلی ۔ 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج راہول گاندھی کے دورہ پنجاب کو ’’ایک روزہ تفریح‘‘ قرار دیا اور کہا کہ نائب صدر کانگریس کی یہ تفریح ایک ایسی ریاست میں جہاں یو پی اے کے 10 سالہ دوراقتدار میں کئی کاشتکاروں نے خودکشی کی ہے، خود ان کی پارٹی کیلئے ایک مصیبت بن جائے گی۔ مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان نے کاشتکاروں کے حال زار کو اجاگر کرنے کیلئے راہول گاندھی کے دورہ پنجاب کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ سیاحت کررہے ہیں۔ اس کیلئے وہ آزاد ہیں اور پورے ہندوستان کا سفر بھی کرسکتے ہیں۔ ایک اور مرکزی وزیر نے کہا کہ یہ دورہ ’’ایک روزہ تفریح‘‘ اور ’’ایک روزہ تشہیر‘‘ ہے اور یہ اقدام خود کانگریس پارٹی کیلئے مصیبت بن جائے گا۔

سینئر مرکزی وزیر نے کہا کہ لاکھوں کسان ان کی پارٹی کے 10 سالہ دوراقتدار میں خودکشی کرچکے ہیں۔ ایسی ایک روز کی تشہیر خود ان کیلئے مصیبت بن سکتی ہے۔ راہول گاندھی نے کل پنجاب کا دورہ کرکے کاشتکاروں سے ملاقات کی تھی اور ان کے حال زار کا راست مشاہدہ کیا تھا۔ راہول گاندھی نے سر ہند، کھنہ، گوبند گڑھ کے بازاروں کا دورہ کیا تھا اور ریاست کے تین بڑے اناج کے بازاروں کا دورہ کیا تھا۔ مرکزی حکومت کے سینئر وزیر نے وزیراعظم نریندر مودی پر ان کے غیرملکی دوروں کی بناء پر کانگریس کی تنقید پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی تمام وزرائے اعظم بیرونی دورہ کرچکے ہیں۔ اس بیان پر کہ مودی ’’برانڈ انڈیا‘‘ کی بیرون ملک تشہیر کرنا چاہتے ہیں اور ملک کی شبیہہ بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم 15 ممالک کا دورہ کرکے 45 دن بیرون ملک گذار چکے ہیں جبکہ ان کے دوراقتدار کی مدت صرف 11 ماہ ہے جبکہ سابق وزیراعظم جواہر لال نہرو نے اپنے دوراقتدار میں 286 دن بیرون ملک گذارے تھے۔ انہوں نے مزید کہاکہ سابق وزیراعظم اندرا گاندھی، راجیو گاندھی، نرسمہاراؤ اور منموہن سنگھ نے بھی بیرونی دورہ کئے تھے۔ چنانچہ نریندر مودی پر تنقید نامناسب ہے۔