راہول گاندھی ملک کے اگلے وزیراعظم ہوں گے: جیتن رام مانجھی

پٹنہ۔13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سابق چیف منسٹر بہار جیتن رام مانجھی نے آج کہا کہ وہ چاہتے ہیں، کہ آنے والے لوک سبھا انتخابات کے بعد صدر کانگریس راہول گاندھی ہی ملک کے نئے وزیراعظم کے عہدے پر فائز ہوں۔ انہوں نے یہ بات نئی دہلی روانہ ہونے سے قبل ذرائع ابلاغ سے کہی جہاں وہ دہلی میں اپوزیشن جماعتوں کے ہونے والے اجلاس میں شرکت کریں گے جس میں بہار کے 40 نشستوں کی تقسیم پر بات چیت ہوگی۔انہوں نے ان اطلاعات کو مسترد کردیا کہ ہندوستانی عوامی مورچہ جس کے وہ صدر ہیں، کو بہار کے 40 لوک سبھا نشستوں میں سے ممکنہ طور پر صرف ایک یا دو نشست فراہم کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ این ڈی اے نے یہ واضح کردیا کہ وہ نریندر مودی کے چہرے پر ہی ملک بھر میں لوک سبھا الیکشن میں مقابلہ کرے گا جبکہ یو پی اے کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کسی مخصوص پارٹی یا قائد کو وزارتِ عظمی کے لیے مقرر نہیں کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے پوچھے جانے پر جیتن رام مانجھی نے کہا کہ یہ کوئی صدارتی انتخابات نہیں ہیں جس کے لیے پہلے سے ہی کسی کے ناموں کا اعلان کیا جائے۔ تاہم ان کی یہ خواہش ہے کہ الیکشن کے بعد صدر کانگریس راہول گاندھی ہی وزارت عظمی کے لیے موزوں ہوں گے۔ ان کا یہ بیان کانگریس کو اپنی طرف راغب کرنے کی ایک کوشش سمجھی جارہی ہے جہاں ریاست میں سب سے بڑی حلیف جماعتوں کے ساتھ نشستوں کی تقسیم کے مسئلہ پر کشیدگی جاری ہے۔