راہول کے ریمارکس پر عدالت سے وضاحت کی جائیگی : کانگریس

نئی دہلی 15 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج کہا کہ رافیل معاملت پر کانگریس صدر راہول گاندھی کے ریمارکس پر سپریم کورٹ سے وضاحت کی جائیگی ۔ میڈیا کے استفسار پر سینئر کانگریس لیڈر کپل سبل نے کہا کہ عدالت نے ہم سے وضاحت طلب کی ہے اور ہم عدالت میں وضاحت پیش کرینگے ۔ عدالت نے یہ وضاحت بی جے پی لیڈر میناکشی لیکھی کی درخواست پر طلب کی ہے ۔ عدالت نے یہ واضح کیا ہے کہ راہول گاندھی نے رافیل معاملت پر جو ریمارکس سپریم کورٹ کے حوالے سے بیان کئے ہیں وہ درست نہیں ہیں اور عدلات نے ایسے ریمارکس نہیں کئے ہیں۔ عدالت نے کانگریس صدر کو 22 اپریل کو اپنی وضاحت داخل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ عدالت کی جانب سے راہول گاندھی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر اسی دن مزید سماعت کی جائے گی ۔ عدالت نے کہا کہ جو ریمارکس عدالت کے حوالے سے کئے گئے ہیں وہ غلط ہیں اور عدالت نے ایسے کوئی ریمارک نہیں کئے ہیں اس لئے اس پر کانگریس صدر کو وضاحت کرنی چاہئے ۔