راہول کے خلاف مقابلہ کرنے کماروشواس کافیصلہ

نئی دہلی۔30ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی کے ایک لیڈر کمار وشواس نے آج کہا کہ وہ آئندہ انتخابات میں کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کے خلاف لوک سبھا حلقہ امیٹھی سے مقابلہ کریں گے اور بی جے پی میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کو چیالنج کیا کہ وہ بھی اس حلقہ سے مقابلہ کریں اور دیکھیں کہ کون کامیاب ہوتا ہے۔کمار وشواس نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں نریندر مودی سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ اپنی ایک گھنٹے کی تقاریر میں 50منٹ تک راہول گاندھی کے بارے میں بولنا چھوڑ دیں ۔

اگر آپ امیٹھی سے راہول گاندھی کے انتخاب کا خاتمہ کرنا ہی چاہتے ہیں تو آیئے امیٹھی سے مقابلہ کریں۔ مجھے راہول گاندھی اور مودی کو امیٹھی سے مقابلہ کرنے دیجئے اور عوام کو یہ دیکھنے دیجئے کہ کون کامیاب ہوتا ہے ‘‘ ۔ کمار وشواس نے کہا کہ اگر راہول گاندھی اپنا حلقہ تبدیل کرتے ہیں تو وہ (راہول) جہاں جائیں گے وہ ان کا پیچھا کریں گے ۔ عام آدمی پارٹی لیڈر نے کہاکہ ’’ مجھے یہ اطلاع ملی ہے کہ راہول گاندھی کسی دوسرے حلقہ سے مقابلہ کرسکتے ہیں ‘ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ آنے والے انتخابات میں میں بھی وہی حلقہ سے مقابلہ کروں گا جہاں سے راہول گاندھی مقابلہ کریں گے ۔ میں نے لوک سبھا ٹکٹ کیلئے درخواست دی ہے اور میں ٹکٹ کا خواہشمند ہوں ۔ عام آدمی پارٹی کی دو رکنی ذیلی کمیٹی نشستوں کی تعداد اور امیدواروں کے ناموں کے بارے میں فیصلہ کرے گی ‘‘ ۔

وشواس نے الزام عائد کیا کہ راہول گاندھی محض آستین چڑھاتے ہوئے یا چند کاغذ کے ٹکڑوں کو پھاڑتے ہوئے کانگریس کی 10سالہ حکمرانی کو نہیں چھپاسکتے ۔ انہوں نے مودی پر خاندانی سیاست میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ مودی نے دہلی میں تین شہزادوں کو میدان میں اتارا تھا دو ہار گئے ایک بمشکل کامیاب ہوسکا ۔