راہول کیخلاف کارروائی نہ کرنے پولیس کا فیصلہ

الاپزہا ۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا کے الاپزہا ٹاؤن میں مقامی پولیس نے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کے خلاف ایک شکایت درج کروائی گئی تھی کہ دورہ کیرالا کے دوران انہوں نے پولیس کی گاڑی پر چھلانگ لگاتے ہوئے موٹر وہیکلس قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق راہول گاندھی نے سیکوریٹی عملہ کے علم و اطلاع کے مطابق گاڑی پر چھلانگ لگائی تھی کیونکہ وہاں پارٹی کارکنوں کی کثیر تعداد جمع ہوچکی تھی جب وہ پدیاترا کیلئے ضلع الاپزہا کے نورانر ٹاؤن پہنچے تھے۔

مقامی این سی پی لیڈر مجیب الرحمن نے راہول کے خلاف یہ شکایت درج کروائی تھی اور کہا تھا کہ ان کا یہ اقدام موٹر وہیکل ایکٹ کی دفعہ 123 کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔ انہوں نے اس ضمن میں پولیس سے خواہش کی تھی کہ وہ کانگریس قائد کے خلاف کارروائی کرے۔ مجیب الرحمن نے یہ الزام عائد کیا تھا کہ مسٹر گاندھی نے پولیس گاڑی کا غلط استعمال کیا اور ٹریفک میں رکاوٹ پیدا کرتے ہوئے عوام کیلئے دشواری پیدا کی تھی۔ سی پی آئی ایم اور بی جے پی کے قائدین نے بھی مسٹر گاندھی کے خلاف اس مسئلہ پر کارروائی کرنے کی خواہش کی تھی۔