راہول کا صدر کانگریس کے عہدہ کیلئے پرچہ نامزدگی

نئی دہلی ۔ 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امکان ہیکہ راہول گاندھی صدر کانگریس کے عہدہ کیلئے 4 ڈسمبر کو اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔ صدر کانگریس کے انتخابات کی تفصیلات پر آج ریاستی ریٹرننگ عہدیدار کے پارٹی ہیڈکوارٹرس پر تبادلہ خیال کا موضوع رہے۔ اس اجلاس میں مرکزی انتخابی اتھاریٹی کے صدرنشین ایم رامچندرن اور رکن مدھوسدن مستری نے شرکت کی جنہیں ریاستی ریٹرننگ عہدیداروں نے صدر کانگریس کے انتخابات کے طریقہ کار کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ کانگریس کے ذرائع کے بموجب ریاستی ریٹرننگ عہدیدار اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ راہول گاندھی کو صدر پارٹی کے عہدہ کیلئے پرچہ نامزدگی درست انداز میں داخل کیا جائے۔ ہر ریاست کے مندوبین امکان ہیکہ ایک سے زیادہ پرچہ جات نامزدگی داخل کریں گے۔ یہ بات طئے ہیکہ مندوبین راہول گاندھی کی نامزدگی کی تائید کریں گے۔ توقع ہیکہ سابق وزیراعظم منموہن سنگھ اور پارٹی کے دیگر اعلیٰ سطحی قائدین راہول گاندھی کی امیدواری کی تائید کریں گے۔ آخری تاریخ جس دن نامزدگی سے سبکدوشی اختیار کی جاسکتی ہے 11 ڈسمبر ہوگی۔ انتخابات 16 ڈسمبر کوہوں گے اور 19 ڈسمبر کونتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ بشرطیکہ ایک سے زیادہ امیدوار ہوں۔

 

گجرات انتخابات مودی سے راہول کا روزانہ سوال
سومناتھ مندر میں حاضری کا دفاع، راہول گاندھی ہندو ہیں : کانگریس
نئی دہلی ۔ 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج وزیراعظم نریندر مودی پر گجرات انتخابات سے پہلے اپنی تنقیدوں میں شدت پیدا کردی اور کہا کہ راہول گاندھی بی جے پی قائد سے ہر روز ایک سوال کریں گے۔ راہول گاندھی کے سومناتھ مندر میں حاضری دینے کا دفاع کرتے ہوئے کانگریس نے کہا کہ راہول گاندھی ایک ہندو ہیں اور سومناتھ مندر میں ان کی حاضری لارڈ شیوا سے ان کی عقیدت کے اظہار کیلئے ہے۔ اس کو سیاسی رنگ نہیں دیا جانا چاہئے۔ دریں اثناء نائب صدر کانگریس راہول گاندھی پر وار کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ جو لوگ اپنے منہ میں سونا کا چمچا لئے ہوئے پیدا ہوئے ہیں اب غریبوں کے پسینہ کا مذاق اڑا رہے ہیں۔