راہول کا دورۂ امیتھی ملتوی

امیتھی9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کا اپنے حلقہ کو دو روزہ دورہ جو کل شروع ہونا تھا ، ناساز گار موسم کے تناظر میں ملتوی کردیاگیا ہے۔ ان کے نمائندہ چندرا کانت دوبے نے کہا کہ یہ دورہ ملتوی ہوچکا کیونکہ بارش نے راہول کے پروگرام کے مقام رام لیلا گراؤنڈ کو اس ایونٹ کیلئے غیرموزوں بنادیا ہے۔نئی تاریخ کا عنقریب اعلان ہوگا۔

دہلی کابینہ ہر ہفتہ عوام کی شکایات کی سماعت کرے گی
نئی دہلی 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) عوامی شکایات کی یکسوئی کیلئے چیف منسٹر اروند کجریوال نے آج اعلان کیا کہ ساری کابینہ ہر ہفتہ دہلی سکریٹریٹ کے روبرو یکجا ہوکر شکایات وصول کرے گی اور انہیں فوری طور پر دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ علاوہ ازیں ہفتے کے دیگر ایام میں ایک وزیر عوام سے شکایات وصول کرتے ہوئے انہیں متعلقہ محکمہ جات سے رجوع کرے گا۔ کجریوال نے کہا کہ عوامی شکایات کی یکسوئی ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات ایک اور بڑا مسئلہ ہے ۔یہ حکومت کیلئے ایک بڑا معاملہ ہے اور ہر حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ان شکایات کو دور کیا جائے ۔ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ عوامی شکایت تو ایک علامت ہوتی ہے ، اصل مسئلہ کو کہیں اور چھپا ہوتا ہے۔

کجریوال کا فبروری تک
جن لوک پال بل پیش کرنیکا وعدہ
نئی دہلی 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹردہلی اروند کجریوال نے آج کہا کہ ان کی حکومت وعدے کے مطابق جن لوک پال بل فبروری کے پہلے ہفتے تک متعارف کرائے گی۔ انہوں نے یہاں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ اس بل کا مسودہ تدوین کرنے کی ذمہ داری کے ساتھ آج ایک کمیٹی تشکیل دی گئی۔ یہ کمیٹی مسودہ بل 15 جنوری تک پیش کردے گی۔ ہم کوشش کریں گے کہ یہ بل جنوری کے آخری ہفتے یا فبروری کے پہلے ہفتے تک رام لیلا میدان سے منظور کرلیا جائے۔